سعودی عرب کی جانب سے شام پر اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت
یہ شام کے امن کو غیرمستحکم کرنے کی کوشش ہے۔ (فوٹو سبق)
سعودی عرب نے جمہوریہ شام پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے شام کے امن و استحکام کو غیرمستحکم کرنے کی کوشش قرار دیا ہے۔
خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق سعودی وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری تفصیلی بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی قابض فورسز کی جانب سے جمہوریہ شام میں دمشق کے نواحی علاقے ’بیت جن‘ پر ہونے والی صریح جارحیت کی بھرپور مذمت کرتے ہیں جو شامی عوام اور ملک شام کے امن کو غیرمستحکم کرنے کی کوشش ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’مملکت بین الاقوامی برادری خاص کرسلامتی کونسل کے مستقل اراکین سے اپنے مطالبے کا اعادہ کرتی ہے کہ وہ شام کی خود مختاری پر بار بار کی جانے والی اسرائیلی خلاف ورزیوں اور شام کے سرحدی دیہاتوں اور علاقوں کے خلاف جاری اسرائیلی مجرمانہ طرزعمل سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ بین الاقوامی قراردادوں اور عالمی قوانین پر عمل درآمد کرائے تاکہ شامی عوام کی خودمختاری اور سلامتی کو یقینی بنایا جاسکے‘۔
