Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 سعودی عرب کی جانب سے فلسطینیوں پر اسرائیلی جارحیت کی مذمت

مملکت نے فلسطینی عوام کی جدوجہد کی حمایت کے حوالے سے اپنے موقف کا اعادہ کیا(فوٹو، ایکس)
 سعودی وزارتِ خارجہ نے مملکت کی جانب سے فلسطینی عوام پر اسرائیلی قابض حکام اور انتہا پسند آباد کاروں کی طرف سے جاری خلاف ورزیوں کی سخت مذمت کی ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں اسرائیلی قابض فورسز کی جانب سے مسجد الاقصی کے صحنوں پر دھاوا بول کروہاں موجود نمازیوں کو مشتعل کرنے اورفلسطینی گاوں کفل حارس کی مسجد حاجہ حمیدہ پر حملے کی شدید مذمت کی گئی ۔
بیان میں مملکت کی جانب سے اس بات پرزوردیا گیا کہ اس طرح کے حملے قیام امن کے لیے کی جانے والی علاقائی اور بین الاقوامی کوششوں کو نقصان پہنچانے اور تنازعات میں اضافے کا باعث ہو سکتے ہیں۔
مملکت نے متنبہ کیا کہ اسرائیلی جارحیت پر عالمی خاموشی اور سختی سے اس کا محاسبہ نہ کیے جانے  سے عالمی نظام کی بنیادیں کمزور ہوتی ہیں جو بین الاقوامی قانونی حیثیت کے اصولوں کی خلاف ورزی بھی ہے۔
سعودی عرب نے برادر فلسطینی عوام کی جدوجہد کی حمایت کے حوالے سے اپنے واضح و مضبوط موقف کا اعادہ کرتے ہوئے مسئلے کے حل کے لیے عرب اور عالمی امن قرار دادوں کے مطابق آزاد فلسطینی ریاست کے قیام پر زور دیا جس کی سرحدیں 1967 مطابق اور دارالحکومت بیت المقدس ہو۔

شیئر: