Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان کا پہلا عالمی مقابلہ حسن قرات، ملائشیا کے ایمن رضوان کی پہلی پوزیشن

سردار یوسف نے کہا کہ ’دنیا بھر کے قرّاء نے یکجہتی کا پیغام دیا‘ (فوٹو: طارق فضل چوہدری، فیس بک)
اسلام آباد میں منعقدہ پاکستان کے پہلے بین الاقوامی مقابلہ حسن قرأت میں ملائشیا کے قاری ایمن رضوان بن محمد رملان نے پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔
سنیچر کو پاکستان کے پہلے بین الاقوامی مقابلہ حسن قرأت کی تقسیم انعامات کی تقریب اسلام آباد کے کنونشن سینٹر میں منعقد ہوئی، جس کا آغاز قاری سید صداقت علی کی قرأت سے ہوا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، گورنر خیبرپختونخوا فیصل کنڈی، وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری، حنیف عباسی نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
ملائشیا کے قاری ایمن رضوان بن محمد رملان نے پہلی، ایران کے قاری عدنان نے دوسری جبکہ پاکستان سے تعلق رکھنے والے قاری عبد الرشید نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
افغانستان کے قاری چوتھے، انڈونیشیا کے قاری پانچویں جبکہ مراکش کے قاری چھٹے نمبر پر رہے۔
پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے قاری کو پچاس لاکھ روپے، دوسری پوزیشن کے قاری کو تیس لاکھ روپے اور تیسری پوزیشن کے قاری کو بیس لاکھ روپے انعام دیا جائے گا۔
خیال رہے کہ پیر کو اس مقابلے کا آغاز ہوا تھا اور یہ پانچ دن تک جاری رہا۔ اس مقابلے میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے 40 سے زائد رکن ممالک کے قرّاء نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے کہا کہ ’دنیا بھر کے قرّاء نے اس تقریب میں شامل ہوکر یکجہتی کا پیغام دیا۔ مختلف ممالک کے سفرا اور ارکان پارلیمنٹ نے بھی شرکت کی۔‘
سردار یوسف نے کہا کہ ’سابق وزیراعظم نوازشریف کے دورِ حکومت میں ہم نے اسلامی اصلاحات کیں جو بعد میں تعطل کا شکار ہوئیں۔ نظام صلوۃ سمیت دیگر اصلاحات پر موجودہ حکومت نے دوبارہ کام شروع کردیا ہے۔ نظام صلوۃ اور باجماعت نماز کا نظام پورے ملک میں علماء کی مشاورت سے شروع کر رہے ہیں۔‘

نائب وزیراعظم اسحاق ڈاراور گورنر خیبرپختونخوا فیصل کنڈی نے بھی تقریب میں شرکت کی (طارق فضل چوہدری، فیس بک)

وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ ’ہم قرآن مجید کی تلاوت کرتے ہیں مگر سمجھنے سے قاصر ہیں۔ عربی زبان سکھانے سے متعلق یونیورسٹی میں کورسز کا آغاز کر رہے ہیں۔‘
انہوں نے بتایا کہ ’ہر سال ہم بین الاقوامی مقابلہ قرأت کروائیں گے۔ ہم اگلے سال مسلم ممالک سمیت جہاں جہاں مسلمان بستے ہیں ان تمام ممالک کو دعوت دیں گے۔‘

’فلیڈ مارشل کا حکم ہے کہ دہشتگردی کو ہر صورت ختم کرنا ہے‘

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ ’وزیراعظم شہبازشریف کی ویژن کے باعث یہ مقابلے کا انعقاد ہوا۔ وزیراعظم نے اپنی مصروفیات کی وجہ سے مجھے اس ایونٹ میں شرکت کا کہا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’اگلے سال اسلامی دنیا کے علاوہ پوری دنیا کے قرّاء کو پاکستان میں دعوت دی جائے گی۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ ’قرآن میں فساد اور دہشت گردی کو ختم کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ موجودہ حکومت اور فلیڈ مارشل کا واضح حکم ہے کہ دہشتگردی اور فساد کو ہر صورت ختم کرنا ہے۔‘

 

شیئر: