پاکستان کے پہلے بین الاقوامی مقابلۂ حسن قرأت کا اسلام آباد میں آغاز
پاکستان کے پہلے بین الاقوامی مقابلہ حسن قرأت (آئی کیو سی 2025) کا دارالحکومت اسلام آباد میں آغاز ہو گیا ہے۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق پیر کو اس مقابلے کا آغاز ہوا اور یہ پانچ دن تک جاری رہے گا۔
اس مقابلے میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے 40 سے زائد رکن ممالک کے قرآء شریک ہوں گے۔
پاکستان سے بھی ایک قاری مقابلے میں حصہ لے گا۔
مقابلے کے منصفین میں سے پانچ پاکستانی جبکہ تین دیگر ممالک سے ہوں گے۔
ریڈیو پاکستان کے مطابق پاکستان کے معروف قاری اور وزارت مذہبی امور کے کوآرڈینیٹر سید صداقت علی نے کہا کہ ’یہ اقدام پاکستان کے لیے ایک تاریخی لمحہ ہے جو اسے تلاوتِ قرآن کے میدان میں عالمی منظرنامے پر لا رہا ہے۔‘
’یہ تقریب نہ صرف پاکستان کی قرأت کی روایت کو فروغ دے گی بلکہ ملک کے نوجوانوں کو بھی قرآنی تلاوت میں کمال حاصل کرنے کی ترغیب دے گی۔‘
مقابلے میں شریک مختلف ممالک کے قاری حضرات پاکستان پہنچنا شروع ہو گئے ہیں۔
سرکاری شیڈول کے مطابق گروپ-1 اور گروپ-2 کے مقابلے 24 سے 27 نومبر تک اسلام آباد میں نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل) کے آڈیٹوریم میں منعقد ہوں گے۔
تقسیم انعامات کی تقریب 29 نومبر کو جناح کنونشن سینٹر میں منعقد ہو گی جہاں فاتحین کو اعزاز سے نوازا جائے گا۔
توقع کی جا رہی ہے کہ افتتاحی اور اختتامی دونوں سیشنز کی صدارت ریاستی سطح کی اہم شخصیات کریں گی۔
