انڈیا: بیوی کو قتل کرنے کے بعد لاش کے ساتھ سیلفی، سٹیٹس پر لگا دی
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے (فوٹو: این ڈی ٹی وی)
انڈیا میں ایک شخص نے بیوی کو قتل کرنے کے بعد لاش کے ساتھ سیلفی لی واٹس ایپ سٹیٹس پر لگا دی۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق واقعہ تامل ناڈو ریاست کے شہر چنائے کے علاقے کوئمبٹور میں پیش اتوار کے روز پیش آیا۔
ٹرونیویلی کے علاقے سے تعلق رکھنے والی سپریا ایک پرائیویٹ کمپنی میں کام کرتی تھیں اور ہوسٹل میں رہائش پذیر تھیں جبکہ کچھ عرصہ پیشتر ہی اپنے شوہر بالاموروگن سے الگ ہوئی تھیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بالاموروگن اتوار کی دوپہر کو بظاہر اپنی بیوی سے ملنے کے لیے ہوسٹل پہنچا تھا تاہم اس نے اپنے کپڑوں میں درانتی چھپائی ہوئی تھی۔
ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ دونوں کے درمیان لفظی لڑائی ہوئی جس کے دوران شوہر نے اچانک درانتی نکال کر بیوی پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں خاتون ہلاک ہو گئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ حیران کن بات یہ ہے کہ اس کے بعد شوہر نے موبائل نکال کر لاش کے ساتھ سیلفی لی اور واٹس ایپ سٹیٹس پر لگا دی اور ساتھ ہی یہ دعویٰ کیا کہ ’اس نے دھوکہ دیا تھا۔‘
اس کے بعد بھی وہ پولیس کے پہنچنے تک وہاں موجود رہا اور گرفتار کر لیا گیا۔
واقعے کے بعد تامل ناڈو میں خواتین کی حفاظت کے حوالے سے ہونے والی سیاسی بحث میں تیزی آئی ہے۔ حزب اختلاف کی جانب سے مقتدر جماعت ڈیم ایم کے کی حکومت پر الزام لگایا ہے کہ وہ امن و امان کو برقرار رکھنے اور خواتین کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔
دوسری جانب حکومت کا موقف ہے ایسے واقعات ذاتی رنجش پر مبنی ہوتے ہیں اور ان کے خلاف فوری ایکشن لیا جاتا ہے اور ان میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جاتی ہے۔
