’جہاز میں بم ہے‘، انڈین مسافر طیارے کی ہنگامی لینڈنگ
حکام کا کہنا ہے کہ طیارے کی چیکنگ کا سلسلہ جاری ہے (فوٹو: پی ٹی آئی)
انڈیا کے مسافر جہاز میں بم کی موجودگی کی اطلاع کے بعد اس کا رخ موڑ کر ممبئی ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا ہے۔
ہندوستان ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق کویت سے اڑان بھرنے والا انڈیگو کمپنی کا جہاز سکس ای 1234 تلنگانہ کے شہر حیدر آباد جا رہا تھا تاہم بم کی اطلاع ملنے کے بعد انتظامیہ حرکت میں آئی اور اس کو قریب ترین ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا۔
نیوز 18 کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بم کی دھمکی ایک ای میل کے ذریعے دوران پرواز دہلی ایئرپورٹ کو موصول ہوئی۔ جس میں بتایا گیا تھا کہ جہاز کے اندر ایک ’ہیومن بم‘ موجود ہے۔‘
جس کے بعد جہاز کے عملے سے رابطہ کیا گیا اور ممبئی ایئرپورٹ پر لینڈنگ سے قبل تمام ضروری اقدامات کیے گئے اور ہسپتالوں کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی۔
یہ جہاز جو کہ ایئر بس ہے، کویت سے رات ایک بج کر 56 منٹ پر روانہ ہوا تھا اور دھمکی کے بعد صبح آٹھ بج کر 10 منٹ پر ممبئی ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی۔
رپورٹ کے مطابق مسافروں کو اتار لیا گیا ہے اور طیارے کی چیکنگ کی جا رہی ہے۔
واقعے کے حوالے سے انڈیگو کمپنی کے ترجمان کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں بتایا گیا ہے کہ اطلاع ملنے پر فوراً پروٹوکول کے تحت متعلقہ حکام کو مطلع کیا گیا اور چیکنگ کے لیے ضروری اقدامات بھی کیے گئے۔
بیان کے مطابق ’منگل دو دسمبر کو سامنے آنے والی اس صورت حال کے بعد پوری کوشش کی گئی کہ مسافروں کو کم سے کم مشکل کا سامنا کرنا پڑے اور طیارے کو کلیئر قرار دیے جانے سے قبل ہونے والی چیکنگ کے لیے متعلقہ حکام کے ساتھ پورا تعاون کیا گیا۔‘
بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ’مسافروں، عملے اور جہاز کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے، اس دوران ان کو مکمل اپ ڈیٹ رکھا گیا اور ریفرشمنٹ بھی پیش کی گئی۔‘
انڈین جہازوں میں بم کی موجودگی کی اطلاعات پہلے بھی سامنے آتی رہی ہیں جو زیادہ غلط نکلتی ہیں۔
اس سے قبل 23 نومبر کو بھی راجیو گاندھی ایئرپورٹ پر بھی ایسی اطلاع موصول ہوئی تھی کہ بحرین سے آنے والے جہاز میں بم ہے۔
اس کے بعد اس کا رخ بھی ممبئی کی طرف موڑ دیا گیا تھا اور ہنگامی اور محفوظ لینڈنگ کی تھی۔
جہاز کی مکمل طور پر چیکنگ کے بعد بم کی اطلاع غلط نکلی تھی اور ای میل بھیجنے والے شخص کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے تلاش کے لیے اقدامات شروع کیے گئے تھے۔