Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حرۃ ویو پوائنٹ: خاموش آتش فشاں پہاڑ کی چوٹی سے العُلا کے دلکش نظارے

حرۃ ویو پوائنٹ، العُلا گورنریٹ میں واقع خاموش آتش فشاں پہاڑ حرۃ عویرض کی چوٹی پر قائم ہے، جہاں سے سیاہ آتش فشانی چٹانوں کے دلکش منظر دکھائی دیتے ہیں۔ یہ مقام العُلا کے متنوع زمینی خدوخال کا ایک نمایاں نظارہ پیش کرتا ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق پہاڑ کی چوٹی سے العلا کے  پینورامک نظاروں کے ساتھ  قدیم و عصر حاضر کے جدید مکانات بھی دکھائی دیتے ہیں۔
قدرتی مناظر میں حد نگاہ تک پھیلا ہوا سبزہ زار اور فطرت کے ماہ و سال کا مشاہدہ کرتی چٹانیں موجود ہیں، جنہیں دیکھ کر وقت کے اثرات کا بخوبی اندازہ ہوتا ہے
العلا میں ایسے بے شمار مقامات موجود ہیں جو فطرت کے انمول خزانے لیے ہوئے ہیں جن کو دیکھ کر قدرت کی فیاضی عیاں ہوتی ہے۔

چوٹی پر بنائے گئے اس پلیٹ فارم سے غروبِ آفتاب کا ایسا حسین نظارہ دکھائی دیتا ہے جس کی مثال کہیں اور نہیں ملتی۔ 
دیکھنے والوں کو ایسا لگتا ہے کہ سرخ سورج پہاڑوں کے بطن میں رفتہ رفتہ غائب ہوتے ہوئے اپنی روشنی بھی سمیٹ رہا ہے۔

اسی طرح طلوع آفتاب کے بھی خوبصورت مناظر کی عکاسی کرنے کے لیے لوگ یہاں آتے ہیں اور کائنات کے حسن کے گواہ ہوتے ہیں۔
حرۃ کا یہ مقام نہ صرف سیاحوں کے لیے ایک منفرد مقام ہے بلکہ یہاں بیرون اور اندرون ملک سے لوگ بڑی تعداد میں آتے ہیں۔

 

شیئر: