Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیلڈ مارشل عاصم منیر پاکستان کے پہلے چیف آف ڈیفنس فورسز مقرر

فیلڈ مارشل عاصم منیر آرمی چیف کے ساتھ چیف آف ڈیفنس فورسز کی حیثیت سے بھی خدمات سرانجام دیں گے (فائل فوٹو: روئٹرز)
آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو پانچ برس کے لیے پاکستان کا پہلا چیف آف ڈیفنس فورسز مقرر کیا گیا ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے جمعرات کو وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بھیجی گئی سمری منظور کر لی۔ 
ایوان صدر کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ’صدر آصف علی زرداری نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی بطور آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز تقرر کی سمری منظور کر لی۔‘
اس سے قبل وزیراعظم شہیاز شریف نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی بطور آرمی چیف اور چیف آف ڈیفنس فورسز تقرر کی سمری صدر مملکت آصف علی زرداری کو بھجوائی تھی۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ ’فیلڈ مارشل سید عاصم منیر چیف آف آرمی سٹاف کے ساتھ ساتھ چیف آف ڈیفنس فورسز بھی ہوں گے۔‘
اس طرح فیلڈ مارشل عاصم منیر کا ان دونوں عہدوں پر تقرر پانچ پانچ برس کے لیے کیا گیا ہے اور وہ 2030 تک چیف آف دی آرمی سٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز کی حیثیت سے خدمات سرانجام دیتے رہیں گے۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر پاکستان کے پہلے چیف آف ڈیفنس فورسز ہیں اور اُن کے عہدے کی میعاد پانچ سال مقرر کی گئی ہے۔
وزیراعظم نے فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی مدتِ ملازمت میں دو سال کی توسیع کی منظوری دے کر صدر کو بھجوائی تھی جسے بھی منظور کر لیا گیا ہے۔
ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی مدتِ ملازمت میں دو سال کی توسیع کا اطلاق اُن کی موجودہ پانچ سال کی مدتِ ملازمت کے 19 مارچ 2026 میں مکمل ہونے پر ہو گا۔
صدر اور وزیراعظم کی عاصم منیر اور ظہیر احمد بابر سدھو کو مبارک باد
ایوانِ صدر کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق ’صدر آصف علی زرداری نے فیلڈ مارشل عاصم منیر اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔‘


وزیراعظم شہباز شریف نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو پاکستان کا پہلا چیف آف ڈیفنس فورسز تعینات ہونے پر مبارک باد دی ہے اور اُن کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم آفس کے مطابق ایک بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ’چیف آف ڈیفنس فورسز کی تعیناتی عصری اور جدید جنگی تقاضوں سے ہم آہنگ ہے اور اس سے ملک کا دفاع مزید بہتر ہو گا۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ ’فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں ہماری بہادر افواج نے دشمن کو عبرتناک شکست دی۔‘
’فیلڈ مارشل کی قیادت میں معرکۂ حق میں شاندار کامیابی سے پاکستان کا نام پوری دنیا میں روشن ہوا اور اسے عزت ملی۔‘
وزیراعظم نے چیف آف ایئر سٹاف ظہیر احمد بابر سدھو کو بھی مدتِ ملازمت میں دو سال کی توسیع پر مبارک باد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا ہے کہ ’ظہیر احمد بابر سدھو کی قیادت میں پاکستانی فضائیہ نے معرکۂ حق میں شاندار پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے جنگی جہاز تباہ کیے اور اس پر اپنی دھاک بٹھائی۔‘
انہوں نے کہا کہ ’پاکستان کے دفاع، ترقی اور خوش حالی کے لیے ملک کے تمام ادارے مل کر کام کریں گے۔‘

ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی مدتِ ملازمت میں دو سال کی توسیع کی منظوری دی گئی ہے (فائل فوٹو: وِکی پیڈیا)

اس سے قبل جمعرات کو ہی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے چیف آف ڈیفنس فورسز کے نوٹیفیکیشن سے متعلق بتایا تھا کہ ’اس پر کام ہو رہا ہے اور اس حوالے سے کوئی قانونی پیچیدگی یا اختلاف نہیں ہے۔‘
وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے ہمراہ اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’آرٹیکل 243 پر کوئی ابہام ہے اور نہ ہی پاکستان آرمی ایکٹ، پاکستان نیول ایکٹ اور پاکستان ایئرفورس ایکٹ میں ترامیم پر کوئی ابہام ہے۔
وزیر قانون کا مزید کہنا تھا کہ ’آئین میں یہ لکھ دیا گیا ہے کہ چیف آف ڈیفنس فورسز کی تعیناتی وزیراعظم کی ایڈوائس پر صدر مملکت کریں گے۔‘
’اب اس میں کوئی ابہام نہیں ہے، ایک بات طے شدہ ہے کہ 2024 میں کی گئی ترامیم کے تحت چیف آف ایئر سٹاف، نیول چیف اور آرمی چیف کے عہدے کی جو میعاد ہے وہ تین برس سے بڑھا کر پانچ برس کر دی گئی تھی۔‘
ان کے مطابق ’اس کی ایک توجیح یہ تھی کہ پارلیمنٹ، صدر، وزیراعظم اور دیگر کئی عہدوں کی میعاد پانچ برس مقرر ہے لہٰذا اس کو بھی پانچ سال کر دیا جائے۔‘

شیئر: