سعودی عرب میں 2025 کے دوران متوقع عمر بڑھ کر 79.7 برس ہو گئی
جمعرات 4 دسمبر 2025 19:50
ٹریفک حادثات میں اموات کی شرح میں 60 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی (فوٹو: ایس پی اے)
سعودی وزیر صحت فہد بن عبدالرحمن لجلاجل نے کہا ہے کہ’ سال 2025 مملکت میں لوگوں کی متوقع عمر بڑھ کر 79.7 برس ہو گئی۔‘
جبکہ یہ تناسب سال 2016 میں 74 تھا جس میں سال 2025 تک مرحلہ وار اضافہ ہوا جبکہ اموات کی شرح میں بھی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔
سبق کے مطابق بجٹ فورم 2026 میں ’بنیادی خدمات کی ترقی اور بجٹ‘ کے عنوان سے منعقدہ وزارتی اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا’ بجٹ 2026 صحت خدمات کے حوالے سے ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔‘
صحت انڈیکس کے حوالے سے الجلاجل نے بتایا ’ سال 2025 میں ٹریفک حادثات میں اموات کی شرح میں 60 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ متعدی امراض میں 50 فیصد، غیرمتعدی میں 40 اور اچانک لگنے والا چوٹوں میں 30 فیصد کمی ہوئی ہے۔‘
انہوں نے صحت خدمات کے حوالے سے بتایا جغرافیائی اعتبار سے صحت کوریج 97.4 فیصد تک پہنچ گئی۔ سرکاری ہسپتالوں میں 1700 بیڈز جبکہ نجی طبی اداروں میں 2900 بستروں کا اضافہ ہوا۔

ایمبولینس سروس کے معیار میں بھی اضافہ ہوا ہے سال 2016 میں ایمبولیس سروس حاصل کرنے کا دورانیہ 25 منٹ ہوتا ہے جبکہ سال 2025 میں یہ کم ہو کر 10 منٹ تک پہنچ گیا۔
میڈیکل آپریشنز کی سہولت میں بہتری ہوئی۔ ہفتے میں آپریش کیسز 6 ہزار سے بڑھ کر 12 ہزار ہو گئے جبکہ آپریشن کےلیے انتظار کی مدت میں بھی کمی ہوئی۔
وزیر صحت الجلاجل کا مزید کہنا تھا ’مملکت کے وژن 2030 کے اہداف کو مدنظر رکھتے ہوئے صحت خدمات کے معیار کو بڑھانے پر کام کیا جارہا ہے۔‘
