سعودی عرب میں 91 فیصد معمر افراد اپنی زندگی سے خوش ہیں
جمعرات 27 نومبر 2025 21:30
60 برس اور زیادہ عمر کے افراد مجموعی آبادی کا 4.8 فیصد ہیں (فوٹو: اخبار 24)
سعودی عرب میں 60 برس اور اس سے زیادہ عمر کے 17 لاکھ افراد ہیں جو مجموعی آبادی کا 4.8 فیصد ہیں۔91 فیصد معمر افراد اپنی زندگی سے خوش ہیں جبکہ 7 فیصد نے واضح جواب نہیں دیا صرف 2 فیصد شاکی تھے۔
اخبار 24 کے مطابق محکمہ شماریات کی جاری سال 2025 کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ’ معمر افراد میں 69 فیصد سعودی شہری ہیں جن میں 43 فیصد خواتین اور57 فیصد مرد ہیں۔‘
معاشرے میں فعال طور پر شریک معمر سعودی مردوں کا تناسب 63.4 فیصد جبکہ خواتین میں یہ شرح 57.3 فیصد ہے۔
سماجی پروگرام میں باقاعدگی سے حصہ نہ لینے والوں میں 26.5 فیصد مرد اور 30 فیصد خواتین شامل ہیں۔ 11 فیصد ایسے ہیں جو سماجی پروگراموں میں قطعی طورپرشرکت نہیں لیتے۔
سروے کے مطابق بڑی عمر کے افراد میں جسمانی ورزش کا رجحان کم ہو جاتا ہے۔ 60 سے 64 برس کے 42.6 فیصد ورزش کرتے ہیں۔

65 سے 69 برس کے 36.1 فیصد جسمانی ورزش کا رجحان رکھتے ہیں جبکہ 70 سے 74 برس میں یہ تناسب 9.6 فیصد رہا۔
یومیہ اپنے کام خود کرنے کو ترجیح دینے والے معمر سعودی مردوں کا تناسب 40.6 فیصد دیکھا گیا جبکہ 30.9 فیصد اپنے بچوں اور25.8 فیصد اپنی اہلیہ کو ترجیح دیتے ہیں۔
دوسری جانب خواتین میں روز مرہ کے امور کی انجام دہی کا تناسب 40.9 فیصد جبکہ 5.7 فیصد خواتین اپنے امور کی انجام دہی میں شوہر کو ترجیح دیتی ہیں۔
