Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جعلی ویزے پر برطانیہ جانے کی کوشش، لاہور ایئرپورٹ پر 5 پاکستانی مسافر گرفتار

ایف آئی اے نے کہا کہ پانچوں افراد کو مزید تفتیش کے لیے لاہور کے اینٹی ہیومن سمگلنگ سرکل منتقل کر دیا گیا ہے۔ (فوٹو: ایف آئی اے)
پاکستان کی وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے کہا ہے کہ اس نے لاہور ایئرپورٹ پر شارجہ سے ڈی پورٹ ہو کر آنے والے پانچ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔ ان پانچوں افراد کو شارجہ سے جعلی ویزے پر برطانیہ جانے کی کوشش کرنے پر ڈی پورٹ کیا گیا۔
ایف آئی اے نے سنیچر کو ایک بیان میں کہا کہ ’یہ پانچوں افراد رواں برس کے شروع میں ویزٹ ویزے پر لاہور سے ملائیشیا گئے تھے۔ وہاں کچھ وقت گزارنے کے بعد انہوں نے مبینہ طور پر شارجہ سے ایجنٹوں کے ذریعے حاصل کیے گئے جعلی کاغذات پر برطانیہ جانے کی کوشش کی۔‘
بیان کے مطابق ’پانچ پاکستانی مسافروں کو برطانیہ کے جعلی ویزے کی وجہ سے شارجہ سے ڈی پورٹ کیا گیا۔ اور لاہور ایئرپورٹ پہنچنے پر انہیں حراست میں لے لیا گیا۔‘
پاکستان نے حالیہ برسوں میں غیرقانونی طور پر بیرون ملک جانے والوں اور انسانی سمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن مزید سخت کر دیا ہے، خاص طور پر اُن مہلک کشتی حادثات کے بعد جن میں یورپ پہنچنے کی کوشش کرنے والے پاکستانی شہری ہلاک ہوئے۔
جولائی میں وزیرِاعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ حکومت منظم جرائم پیشہ نیٹ ورکس کے خلاف کارروائی کر رہی ہے اور عوام پر زور دے رہی ہے کہ وہ بیرونِ ملک روزگار کے لیے محفوظ اور قانونی راستوں کا استعمال کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ ریاست اندرونِ ملک اور بیرونِ ملک روزگار کے مواقع میں اضافہ کر رہی ہے، لیکن انہوں نے خبردار کیا کہ غیرقانونی طور پر باہر جانے والوں کے راستے خطرناک ہیں اور وہ قومی و بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔
ایف آئی اے نے کہا کہ پانچوں افراد کو مزید تفتیش کے لیے لاہور کے اینٹی ہیومن سمگلنگ سرکل منتقل کر دیا گیا ہے۔
بیان کے مطابق جعلی سفری دستاویزات ایجنٹوں کی مدد سے حاصل کی گئی تھیں، جس کے باعث متحدہ عرب امارات کے حکام نے انہیں داخلے سے روک دیا اور پاکستان واپس بھیج دیا۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ویزا فراڈ اور اس میں ملوث ایجنٹوں کے خلاف تحقیقات جاری ہیں۔

 
 
 

شیئر: