پاکستان نے جدہ میں جاری ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کے پانچویں ایڈیشن میں تاریخی ڈیبیو کیا ہے جبکہ ریڈ سی سوق ایکسپو میں پویلین کا افتتاح کیا گیا۔
پاکستانی وفد میں معروف اداکارہ عتیقہ اوڈھو، شہزاد نواز اور توصیف حیدر شامل ہیں جو بین الاقوامی سینما میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے کردار کو اجاگر کرنے کے لیے پینل مباحثوں اور نیٹ ورکنگ ایونٹس میں حصہ لیں گے۔
مزید پڑھیں
ہالی وڈ، بالی وڈ اور مشرق وسطیٰ و شمالی افریقہ کی فلم انڈسٹری کے بین الاقوامی ستاروں کے ساتھ ساتھ پاکستانی فنکارہ عتیقہ اوڈھو بھی ریڈ کارپٹ پر جلوہ گر ہوئیں۔
فیسٹیول میں پاکستانی فلم ’گھوسٹ سکول‘ کو سریننگ کے لیے منتخب کیا گیا ہے، سیماب گل کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ فلم گیارہ دسمبر کو جدہ کے کلچر سکوائر میں فیملیز اینڈ چلڈرن کیٹیگری کے تحت نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔
فلم ایک دیہی لڑکی کی کہانی کے گرد گھومتی ہے جو اپنےسکول کی پراسرار بندش اور گاؤں میں پھیلتے خوف کے پیچھے چھپے راز کی کھوج میں نکلتی ہے۔

ریڈ سی فلم فاونڈیش کے سی ای او فیصل بالطيور کی موجودگی میں ریڈ سی سوق ایکسپو میں چین انڈیا، ترکیہ، پاکستان اور دیگر شریک ملکوں کے پویلین کا افتتاح کیا گیا۔
سی ای او فیصل بالطيور نے پاکستانی پویلین کا دورہ کیا، وہاں موجود عتیقہ اوڈھو اور شہزاد نواز نے انہیں پاکستانی فلم انڈسٹری کے مستقبل کے بارے میں آگاہ کیا۔
فیسٹیول میں پہلی مرتبہ پاکستانی پویلین قائم کیا گیا ہے جہاں قومی پرچم نمایاں طور پر آویزاں ہے جو ملک کی فلم انڈسٹری کی بڑھتی ہوئی بین الاقوامی شناخت کو ظاہر کرتا ہے۔












