گلوبل ہارمنی ٹُو: ریاض میں فلپائنی ثقافت، فن اور روایات کا جشن جاری
سعودی عرب میں وزارت اطلاعات کی جانب سے ’گلوبل ہارمنی ٹو‘ انیشیٹیو کے ایک حصے کے طور پر ’فلپائن کلچر ڈیز‘ کی سرگرمیاں جاری ہیں۔ اس ایونٹ کو ’جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی‘ اور ’کوالٹی آف لائف پروگرام‘ کا تعاون حاصل ہے۔
سعودی پریس ایجنسی ایس پی اے کے مطابق یہ تقریب ریاض سیزن کے ایک زون میں واقع السویدی پارک میں منعقد کی جا رہی ہے جو آٹھ دسمبر تک جاری رہے گی۔
جسے دیکھنے کے لیے اب تک ہزاروں کی تعداد میں لوگ آئے ہیں۔
فلپائن کلچر ڈیز کی تقریب ایک محو کر دینے والا ثقافتی سفر ہے جو فلپائن کی بھر پور ثقافت اور اس کے روایتی فنون کو نمایاں کرتا ہے۔
اس کے علاوہ یہ ایونٹ، فلپائن سے آ کر مملکت میں رہنے والے رہائشیوں کی کامیابیوں کی کہانیوں، ان کے سماجی، معاشی اور ثقافتی کردار اور ان کی متنوع کاوشوں کو یکجا کر کے لوگوں کے سامنے لاتا ہے۔

اس پروگرام میں فلپائن کے مشہور فنکاروں کی طرف سے میوزک کی پرفارمینسز شامل ہیں۔ فلپائن کا ثقافتی پویلین، دیکھنے والوں کو وہاں کی روزمرہ زندگی کی جھلک دکھاتا ہے۔
یہاں، فلپائن کے روایتی کپڑوں کے بازار لگائے گئے ہیں، مقبول کھانوں کے سٹال ہیں اور موضوعاتی فوٹو شوٹس کے تجربات ہیں جن میں لوگ فلپائن کے لوک لباس پہن کر وہاں کی شگفتہ شناخت کی خوشی مناتے ہیں۔
فلپائن کے فنکار، روایتی ہنر کے لائیو مظاہرے بھی کر رہے ہیں جن میں سیپیوں سے سجاوٹ کی اشیا اور ہاتھ سے بنے ہوئے فنی نمونوں سے پویلین کا دورہ کرنے والوں کو اس ہنر کی باریکیوں کو قریب سے دیکھنے کا موقع ملتا ہے۔

فلپائن کلچر ڈیز کے آغاز کی خاص بات، فلپائن کے فنکاروں کی طرف سے موسیقی کا پہلا کنسرٹ تھا جس میں 70 سے زیادہ افراد اور فنکاروں نے موسیقی اور لوک شوز پیش کیے۔
ان میں روایتی آرٹ اور جدید دھنوں کے خوبصورت امتزاج نے دیکھنے والوں کو اپنی طرف بہت متوجہ کیا۔
چار روزہ فلپائن کلچر ڈیز کا پروگرام، عالمی ثقافتی سرگرمیوں کے ایک وسیع سلسلے کا حصہ ہے جس کا مقصد ثقافتی تبادلے میں اضافہ کرنا اور مملکت کی طرف سے ثقافتی تنوع کو خوش آمدید کہنے کو نمایاں کرنا ہے۔

’گلوبل ہارمنی ٹو ‘ انیشیٹیو کے دوران 49 دنوں تک بچوں کے لیے 200 سے زیادہ سرگرمیاں سامنے آئیں گی۔ اس بڑے ایونٹ میں پورے ہفتے، فیملیز کی مسلسل شرکت جاری رہی ہے۔
اس سال کے انیشیٹیو کا مقصد دنیا کی 14 ثقافتوں کو سراہنا ہے جن میں سے ہر ایک، مملکت میں موجود مختلف کمیونٹی کی نمائندگی کر رہی ہے۔
اس کلچرل انیشیٹیو کو دیکھنے کے لیے اب تک 20 لاکھ سے زیادہ افراد آ چکے ہیں۔ ’گلوبل ہارمنی ٹو ‘ انیشیٹیو کی اب صرف تین نمائشیں باقی ہیں۔

فلپائن کلچر ڈیز کے بعد نو سے 10 دسمبر تک یوگنڈا، 11سے 13 دسمبر تک ایتھوپیا جبکہ 14 سے 20 دسمبر تک سوڈان کے دن منائے جائیں گے۔
حکام کو امید ہے اس طرح کے ایونٹس سے سعودی عرب میں رہنے والوں کی زندگی پر روشنی پڑے گی اور ان کی سماجی اور تفریحی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ مملکت کی معیشت میں ان کی کاوشوں اور ان کی کامیابی کی کہانیوں کو دھوم دھام سے منایا جائے گا۔
