’وہ بھی بے نقاب ہوگا جو ڈکی نے نہیں کیا‘، رجب بٹ کی برطانیہ سے بے دخلی اور ندیم مبارک کا بیان
منگل 9 دسمبر 2025 15:36
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
نجی چینل کے صحافی مرتضیٰ علی شاہ نے دعویٰ کیا ہے کہ معروف پاکستانی یوٹیوبر رجب بٹ کو برطانیہ سے نکال دیا گیا ہے۔
منگل کو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر ویڈیو پیغام شیئر کرتے ہوئے مرتضیٰ علی نے دعویٰ کیا کہ برطانیہ کی حکومت نے رجب بٹ کا ویزا منسوخ کر کے انہیں برطانیہ سے بے دخل کر دیا ہے۔
رجب بٹ پر برطانوی حکومت نے یہ الزام لگایا کہ جب ڈیڑھ برس قبل رجب نے ویزا اپلائی کیا تھا تو اس وقت انہوں نے خود پر چلنے والے کیسز کی تفصیلات فراہم نہیں کی تھیں۔
مرتضیٰ علی نے یہ دعویٰ کیا کہ رجب بٹ اب برطانیہ سے واپس پاکستان روانہ ہو گئے ہیں اور ان کے ساتھ ان کے دوست ندیم مبارک عرف ندیم نانی والا بھی موجود ہیں۔
مزید یہ کہ ’کچھ ہفتے قبل رجب اور ندیم کو برطانوی انسداد دہشت گردی ایجنسی ایم آئی 6 نے غیرقانونی کارروائیوں کے الزامات لگنے کے بعد گرفتار کیا تھا۔ تفتیش کے بعد ان پر لگے الزامات بوگس ثابت ہوئے مگر اس ہی دوران جب ہوم آفس کو بتایا گیا تو ان پر موجود پاکستان میں جاری کیسز کی تفصیلات سامنے آئیں۔‘
ویڈیو میں دعویٰ کیا گیا کہ ندیم مبارک نے اس واقعے کی تصدیق کی ہے کہ انہیں اور رجب کو گرفتار کیا گیا تھا جبکہ برطانوی پاسپورٹ ہونے کے باعث انہیں چھوڑ دیا گیا اور رجب کا ویزا منسوخ کر دیا گیا۔
دوسری جانب ویڈیو پوسٹ کے نیچے ندیم مبارک نے کمنٹ کرتے ہوئے وضاحت کی کہ ’رجب کا ویزا منسوخ ہوا ہے، میرا نہیں کیونکہ میں واحد شخص ہوں جو مستقل برطانوی شہری ہے۔ اُس کا ویزا چند دن پہلے منسوخ کیا گیا۔‘
’میں اُسے پاکستان بطور والینٹیئر لے کر جا رہا ہوں، اور ہم مل کر این سی سی آئی کے مسائل حل کریں گے۔ انہوں نے میرے خلاف دو جعلی ایف آئی آرز اور رجب کے خلاف ایک ایف آئی آر درج کی ہے۔ ہمارے پاس اسلام آباد ہائی کورٹ کا سٹے آرڈر موجود ہے تاکہ ایئرپورٹ پر ہمیں گرفتار نہ کیا جائے۔‘
ندیم نے مزید لکھا کہ ’ہم یہ ٹرائل کا سامنا کریں گے، اور میں وہ سب کچھ بے نقاب کروں گا جو ہوا تھا وہ باتیں جو شاید ڈکی بھائی کھل کر نہیں بتا سکے۔‘
