سعودی عرب میں دنیا کے سب سے بڑے ’واٹر اویسس‘ کا آغاز
جمعرات 11 دسمبر 2025 21:47
پانی اور سپلائی چین کے شعبے میں معیاری حل اور انوویشن کو فروغ دے گا۔(فوٹو: اخبار24)
سعودی عرب نے رابغ کمشنری میں دنیا کے سب سے بڑے ’واٹر اویسس‘ کا آغاز کیا ہے جو پانی اور سپلائی چین کے شعبے میں معیاری حل اور انوویشن کو فروغ دے گا۔
جدہ میں واٹرسسٹینیبلٹی انوویشن کانفرنس کے چوتھے ایڈیشن کے موقع پر اس کا اعلان کیا گیا جس میں عالمی ماہرین اور محققین شرکت کر رہے ہیں۔
اخبار 24 سے گفتگو کرتے ہوئے سعودی واٹر اتھارٹی کی عہدیدار’عبیرالشنیفی‘ نے بتایا’ ’واٹر اویسس‘ ایک عالمی سینٹر ہوگا جو دنیا بھر سے ماہرین، ریسرچر اور موجدین کو ایک چھت کے نیچے اکھٹا کرنے کے لیے اہم ثابت ہوگا۔‘
ان کا مزید کہنا تھا’ واٹر اویسس تحقیقی نظریات کو قابل عمل منصوبوں میں تبدیل کرکے مملکت میں صنعتی اور شہری ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔‘
سعودی واٹراتھارٹی نے ’واٹر اویسس‘ منصوبے کے ذریعے دنیا کے سب سے بڑے آبی نخلستان کے طور پر نیا گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کیا ہے۔
یہ سینٹر 33 ہزار مربع میٹرسے زائد رقبے پر محیط ہے جو عالمی سطح پر پانی کے حوالے سے مملکت کی حیثیت اور قیادت کا عکاس ہے۔

یہ سینٹر ایک مربوط ایپلییشن پلیٹ فارم ہے جس کا مقصد ماہرین کو پانی اور اس کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنانے کے حوالے سے جدید تکنیکی حل اور اس حوالے سے اپنے تجربات سے آگاہ کرنا ہے۔
خیال رہے ’واٹر اویسس‘ کا آغاز مملکت میں واٹر سیفٹی اور اقتصادی استحکام کو بڑھانے کےلیے ایک سٹریٹیجک قدم ہے۔
اس کا مقصد تخلیق کاروں کو ایسا ماحول فراہم کرنا ہے جس کے ذریعے وہ اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے مستقبل کے حوالے سے پانی کے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے قابلِ عمل حل پیش کرسکیں۔
