’اگر فلم دھورندھر حقیقیت میں لیاری میں فلمائی جاتی تو کیسی ہوتی؟‘
جمعہ 12 دسمبر 2025 14:25
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
’دھورندھر‘ نے پہلے ہفتے میں دو سو کروڑ سے زائد کی کمائی کی ہے (فوٹو: اے آئی)
پانچ دسمبر کو ریلیز ہونے والی انڈین فلم ’دھورندھر‘ کراچی کے گینگ وار سے تعلق رکھنے کی وجہ سے کئی تنازعات کا شکار ہو رہی ہے۔
سات دن کی قلیل مُدت میں 207 کروڑ انڈین روپے کی کمائی کرنے والی اس فلم کا لِیڈ رول رنویر سنگھ نے نبھایا ہے جبکہ ان کے ساتھ سنجے دت، اکشے کھنہ اور ارجن رامپال جیسے سینیئر اداکار بھی ہیں۔
کراچی کے علاقے لیاری کو ’دھورندھر‘ میں منفی اور غیرحقیقی لینز میں دکھانے کی وجہ سے جہاں فلم بینوں نے تنقید کی ہے، وہیں سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ تیزی سے وائرل ہو رہی جس میں مصنوعی ذہانت کی مدد سے کچھ تصاویر تخیلق کی گئی ہیں۔
ان تصاویر میں دکھایا گیا ہے کہ اگر فلم ’دھورندھر‘ حقیقت میں کراچی کے لیاری میں شوٹ ہوتی تو مناظر کیسے ہوتے تاہم ان وائرل تصاویر کے تخلیق کار کا نام سامنے نہیں آیا ہے۔
اے آئی سے تخلیق کی گئی ایک فوٹو میں اکشے کھنہ کو ایک تکہ بوٹی کی ریڑھی کے سامنے دکھایا گیا ہے جہاں وہ بظاہر تکہ بوٹی اور نان کھا رہے ہیں۔

ایسی ہی ایک فوٹو میں رنویر سنگھ کسی گلی میں فُٹ بال کھیل رہے ہیں جبکہ لیاری کے بچے ان کے پیچھے پیچھے ہیں۔

ایک دوسری فوٹو میں رنویر سنگھ، اکشے کھنہ اور سنجے دت لیاری کے مشہور چیل چوک میں کھڑے ہیں۔

سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ان تصاویر پر مختلف تبصرے کیے جا رہے ہیں۔ کچھ نے پولیس اہلکاروں پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ ان کی وردیاں تو اسلام آباد پولیس کی ہیں جبکہ بعض کا کہنا تھا کہ چیل چوک غلط جگہ پر لگا دی ہے۔
