Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

آسٹریلای کی لیگ بگ بیش میں پاکستانی کھلاڑیوں کی دھوم

بی بی ایل نے لیگ کی تشہیر میں بھی پاکستانی سٹارز کو نمایاں جگہ دی ہے (فوٹو: گیٹی)
آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ (بی بی ایل) میں اس سال پاکستانی کھلاڑیوں کی شمولیت غیر معمولی طور پر نمایاں ہے۔
ای ایس پی این کرک انفو کے مطابق 14 دسمبر سے 25 جنوری تک شیڈول بگ بیش لیگ میں انگلینڈ کے بعد سب سے زیادہ غیر ملکی کھلاڑی پاکستان سے ایکشن میں ہوں گے۔
پاکستان سے بابراعظم، شاہین شاہ آفریدی، محمد رضوان، شاداب خان، حارث رؤف اور حسن علی کو بی بی ایل کی مختلف ٹیموں کی جانب سے سائن کیا گیا ہے۔
بی بی ایل نے لیگ کی تشہیر میں بھی پاکستانی سٹارز کو نمایاں جگہ دی ہے کیونکہ وہاں پاکستانی کمیونٹی کی تعداد بھی بہت زیادہ ہے۔
پاکستان میں بی بی ایل کی مقبولیت میں کمی ریکارڈ کی گئی تھی لیکن رواں سال  پاکستانی کھلاڑیوں کی بڑی تعداد میں شمولیت نے شائقین کی دلچسپی دوبارہ بڑھا دی ہے۔
بی بی ایل کی ٹیم بریسبین ہیٹ نے شاہین آفریدی کو میڈیا کے سامنے پیش کیا جہاں انہوں نے محمد رضوان کی ٹیم میلبرن رینڈیگیڈز کے خلاف پہلے میچ کا ذکر کیا۔ یاد رہے کہ شاہین شاہ آفریدی نے حال ہی میں محمد رضوان کی جگہ پاکستان او ڈی آئی ٹیم کی قیادت سنبھالی ہے۔
شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ ’بی بی ایل دنیا کی بہترین لیگز میں سے ایک ہے، میں یہاں اچھی کرکٹ کھیلنے کے لیے پرجوش ہوں۔‘ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستانی اور ایشیائی شائقین ان کی ٹیموں کو سپورٹ کریں گے۔
اگرچہ پاکستان کی انٹرنیشنل کارکردگی اس وقت بہتر نہیں لیکن پاکستانی ٹی20 کھلاڑی دنیا بھر میں مقبول ہیں۔ اسی وجہ سے رواں سال پی سی بی نے اپنی سخت این او سی پالیسی میں نرمی کی ہے۔ اب کھلاڑی دسمبر اور جنوری میں بی بی ایل کے لیے مکمل طور پر دستیاب ہیں کیونکہ ان دنوں پاکستان کی کوئی بین الاقوامی سیریز شیڈول نہیں ہے۔
اس سے قبل یہ بھی دیکھنے میں آیا ہے کہ لیگز کے دوران ہی پاکستان کی قومی ٹیم کے شیڈول کی وجہ سے اکثر کھلاڑیوں کو وطن واپس بلا لیا جاتا تھا۔
رپورٹ کے مطابق حالیہ عرصے میں کرکٹ آسٹریلیا اور پی سی بی کے تعلقات بھی بہتر ہوئے ہیں۔
آئندہ برس جنوری کے آغاز میں پاکستان کی سری لنکا کے خلاف مختصر سیریز بی بی ایل کے لیے ایک چیلنج بن سکتی ہے۔ اس کے باوجود مجموعی ماحول مثبت ہے اور آسٹریلیا میں پاکستانی شائقین پہلی بار بڑی تعداد میں اپنے کھلاڑیوں کو کھیلتے دیکھ سکیں گے۔

شیئر: