Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نیوزی لینڈ کو 96 رنز سے شکست، ٹی20 ورلڈ کپ تیسری مرتبہ انڈیا کے نام

انڈیا ٹی20 ورلڈ کپ کے ٹائٹل کا کامیاب دفاع کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے (فوٹو: اے ایف پی)
ٹی20 ورلڈ کپ کے فائنل میں دفاعی چیمپئن انڈیا نے نیوزی لینڈ کو 96 رنز سے شکست دے کر تیسری مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔ اس کامیابی کے ساتھ انڈیا اپنے ٹائٹل کا کامیاب دفاع کرنے والی پہلی ٹیم بھی بن گئی ہے۔
انڈیا نے اس سے قبل سنہ 2024 اور 2007 کا ورلڈ کپ جیت رکھا ہے۔
اتوار کو احمد آباد کے نریندر مودی سٹیڈیم میں انڈیا کے 255 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ 19 اوورز میں 159 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔
نیوزی لینڈ کی بولنگ لائن کے بعد بیٹنگ آرڈر بھ ناکام ہو گیا۔ ٹم سیفرٹ 52 اور مچل سینٹنر 43 کے علاوہ کوئی بھی کھلاڑی پرفارمنس نہ دیکھا سکا۔ 
اس سے قبل انڈیا نے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں پر 255 رنز بنائے تھے۔
انڈیا کی جانب سے سانجو سیمسن 89، ابھشیک شرما 52 اور ایشان کِشن 54 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ انڈیا نے انگلینڈ کو جبکہ نیوزی لینڈ نے جنوبی افریقہ کو سیمی فائنلز میں شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کی تھی۔

نیوزی لینڈ کی اننگز

انڈیا کے 255 رنز کے ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم زیادہ دیر تک مزاحمت نہ کر سکی اور وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتی رہی۔ نیوزی لینڈ کو پہلا نقصان فن ایلن کی صورت میں ہوا جو سات گیندوں پر نو رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد راچن رویندرا بھی صرف ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
تیسرے نمبر پر آنے والے ٹم سیفرٹ نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ انہوں نے 26 گیندوں پر 52 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جس میں دو چوکے اور پانچ چھکے شامل تھے، تاہم وہ بھی ورون چکرورتی کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد گلین فلپس پانچ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ مارک چیپمین صرف تین رنز بنا سکے۔ ڈیرل مچل نے 11 گیندوں پر 17 رنز بنائے لیکن وہ بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹک سکے۔
نیوزی لینڈ کے کپتان مچل سینٹنر نے کچھ مزاحمت دکھائی اور 35 گیندوں پر 43 رنز سکور کیے جس میں تین چوکے اور دو چھکے شامل تھے، لیکن وہ بھی جسپریت بمراہ کا شکار بن گئے۔ بعد ازاں جیمز نیشم آٹھ رنز اور میٹ ہینری بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے۔
آخر میں لوکی فرگوسن چھ رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ جیکب ڈفی تین رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

نیوزی لینڈ کی بیٹنگ لائن انڈیا کے سامنے فلاپ ہو گئی (فوٹو: اے ایف پی)

انڈیا کی اننگز

نیوزی لینڈ کی دعوت پر انڈیا نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو اوپنرز سانجو سیمسن اور ابھشیک شرما کریز پر آئے اور ٹیم کو جارحانہ آغاز فراہم کیا۔ دونوں بلے بازوں نے تیز رفتار بیٹنگ کرتے ہوئے ابتدائی اوورز میں ہی مخالف بولرز پر دباؤ ڈال دیا۔
انڈیا کو پہلی بڑی پارٹنرشپ سنجو سیمسن اور ابھشیک شرما کی صورت میں ملی۔ ابھشیک شرما نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے صرف 21 گیندوں پر 52 رنز سکور کیے، جس میں چھ چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔ وہ راچن رویندرا کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
اس کے بعد ایشان کشن کریز پر آئے اور انہوں نے بھی تیز رفتار بیٹنگ جاری رکھی۔ ایشان کشن نے 25 گیندوں پر 54 رنز بنائے جس میں چار چوکے اور چار چھکے شامل تھے، تاہم وہ جمی نیشم کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔ دوسری جانب سانجو سیمسن نے شاندار اننگز کھیلتے ہوئے 46 گیندوں پر 89 رنز سکور کیے، جس میں پانچ چوکے اور آٹھ چھکے شامل تھے، لیکن وہ بھی جمی نیشم کا شکار بن گئے۔
اننگز کے درمیانی اوورز میں ہاردک پانڈیا 13 گیندوں پر 18 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے جبکہ کپتان سوریا کمار یادیو بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔
اسی طرح سے تلک ورما چھ گیندوں پر آٹھ رنز بنا کر ناٹ آؤٹ ہوئے جبکہ شیوم دوبے نے بھی جارحانہ انداز اپناتے ہوئے 26 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔

انڈیا نے مقررہ 20 اوورز میں پانچ وکٹوں پر 255 رنز بنائے تھے (فوٹو: اے ایف پی)

ورلڈکپ جیتنے والی ٹیم کو کیا انعام ملے گا؟

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے (آئی سی سی) نے ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے مجموعی طور پر ایک کروڑ 35 لاکھ ڈالر کا انعامی پول مقرر کر رکھا ہے جو سنہ 2024 کے ٹورنامنٹ کے مقابلے میں 20 فیصد زیادہ ہے۔ فاتح ٹیم کو 30 لاکھ ڈالر ملیں گے جبکہ فائنل ہارنے والی ٹیم کو 16 لاکھ ڈالر انعام کے طور پر دیے جائیں گے۔
اسی طرح سے سیمی فائنل میں ہارنے والی ٹیموں میں سے ہر ایک کو سات لاکھ 90 ہزار ڈالر ملیں گے، جبکہ سپر ایٹ مرحلے تک پہنچنے والی ٹیمیں تین لاکھ 80 ہزار ڈالر وصول کریں گی۔ گروپ مرحلے میں شامل ٹیمیں بھی کم از کم دو لاکھ 50 ہزار ڈالر کے انعام کی حقدار ہوں گی۔

انڈیا کی پلیئنگ الیون

اس میچ میں انڈیا کی پلیئنگ الیون میں سانجو سیمسن (وکٹ کیپر)، ابھشیک شرما، ایشان کشن، ہاردک پانڈیا، سوریا کمار یادیو (کپتان)، تلک ورما، شیوم دوبے، اکشر پٹیل، ارشدیپ سنگھ، ورون چکرورتی اور جسپریت بمراہ شامل تھے۔

نیوزی لینڈ کی پلیئنگ الیون

اس میچ میں نیوزی لینڈ کی پلیئنگ الیون فن ایلن، ٹم سیفرٹ (وکٹ کیپر)، راچن رویندرا، گلین فلپس، مارک چیپمین، ڈیرل مچل، مچل سینٹنر (کپتان)، جیمز نیشم، میٹ ہینری، لوکی فرگوسن، جیکب ڈفی پر مشتمل تھی۔

شیئر: