Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شاہ عبدالعزیز اونٹ میلے میں وزارتِ داخلہ کا اسٹال ’ کاغذ سے ڈیجیٹل دور تک ‘  

پرانے پاسپورٹس اور اقامے کے علاوہ قدیم یونیفارمز بھی رکھے گئے ہیں(فوٹو، ایس پی اے)
شمالی ریاض  میں جاری شاہ عبدالعزیز اونٹ میلے کے دسویں ایڈیشن میں وزارتِ داخلہ کے پویلین ’نخلستانِ امن‘ میں جوازات سمیت دیگر سرکاری اداروں کےاسٹالز میں زائرین خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق امسال ریاض کے شمالی علاقے الصیاھد میں  سالانہ اونٹ میلے کا سلوگن ’ صداقت و سلامتی‘ رکھا گیا ہے جس کے تحت مختلف سرگرمیاں جاری ہیں۔
وزارتِ داخلہ نے درعیہ کے علاقے کے قدیم   محل ’ قصرسلوی‘ کی طرز پر عمارت کی عکاسی کرتے ہوئے وہاں زائرین کی دلچسپی کے لیے اسٹالز لگائے ہیں جن میں مختلف سرکاری ادارے بھی شرکت کررہے ہیں ۔

وزارتِ داخلہ نے الدرعیہ علاقے کے قدیم محل کی عکاسی کی (فوٹو، ایس پی اے)

قصرسلوی میں لگائے گئے اسٹالز پر وزارت داخلہ نے مملکت کے قدیم ادوار کی عکاسی کرتے ہوئے پرانے یونیفارمز اور استعمال ہونے والی سرکاری اشیا کو بھی نمائش میں رکھا ہے تاکہ ترقی کے مرحلہ وار سفر کی بخوبی عکاسی ہو سکے۔
 وزارت داخلہ  کے ذیلی ادارے سعودی محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ’جوازات‘ نے اپنے اسٹال پر ادارے کے ترقیاتی سفر کو قدیم پاسپورٹس اور پرانے اقامہ کتابچے کے ذریعے نمایاں کیا ہے۔

میلے میں جوازات ، امن عامہ اور دیگر اداروں نے اسٹالز لگائے ہیں(فوٹو، ایس پی اے)

سعودی پاسپورٹ اور رہائشی پرمٹ (اقامے) کے پرانے نمونے جوازات کی جانب سے رکھے گئے ہیں جو ادارے کی مرحلہ وار ترقی ’کاغذ سے ڈیجیٹل دور تک ‘ کی عکاسی کرتے ہیں۔
اسٹال پر موجود اہلکار وہاں آنے والوں کو قدیم سعودی پاسپورٹ اور پرانے اقاموں کے بارے میں معلومات فراہم کرتے ہیں اور مرحلہ وار ان میں ہونے والی تبدیلیوں کے بارے میں بھی آگاہ کرتے ہیں۔

وزراتِ داخلہ کی جانب سے قدیم سرکاری اشیا کی بھی نمائش کی جارہی ہے(فوٹو، ایس پی اے)

نمائش میں ادارہ امنِ عامہ کے اسٹال پر آنے والے زائرین کو ایمرجنسی سروسز کے بارے میں بھی معلومات مہیا کی جارہی ہیں جو سعودی شہریوں اور یہاں رہنے والے غیرملکیوں کے لیے بھی انتہائی اہم ہیں۔
 
 

شیئر: