مدینہ کی وادی بیضا سیر و تفریح اور کیمپنگ کے لیے ایک بہترین مقام
مدینہ منورہ کی شہری آبادی سے باہر تقریباً 30 کلو میٹر شمال مغربی سمت میں وادی بیضا ہے جو مدینہ کے شہریوں کے لیے موسم سرما میں تفریحی مقام رہا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق اس وادی کی خصوصیات بے شمار ہیں تاہم سب سے اہم یہاں کا خوبصورت موسم ہے۔
وادی کا نام بیضا (سفید وادی) یہاں پہاڑی چٹانوں اور زمین کی رنگت کی وجہ سے پڑا۔ جو ایسی دکھائی دیتی ہے جیسے وادی نے سفید چادر اوڑھ رکھی ہو۔
چٹانی پتھروں کی ساخت بھی عجیب نوعیت کی ہے جو قدرت کی صناعی کو بہ زبان خاموشی بیان کرتے ہیں۔
بیضا کا میدانی علاقہ دو وادیوں یا گھاٹیوں میں گھرا ہوا ہے جس میں وادی الحنوا اور وادی مبرک شامل ہے جبکہ اس کے مشرق، شمال اور مغرب میں سفید پہاڑ ہیں جہاں وادی دودان اور وادی الحفیرہ ہیں جنہیں فلک بوس پہاڑوں نے ڈھانپ رکھا ہے جو کوہ پیمائی کے شوقین افراد کے لیے پسندیدہ مقام ہے۔
مقامی انتظامیہ نے البیضا میں ترقیاتی کام کیے ہیں تاکہ سیر و تفریح اور کیمپنگ کے لیے آنے والے بہترین وقت گزار سکیں۔
