بالی وُڈ کے سب سے زیادہ تعلیم یافتہ اداکار جنہوں نے کتابوں سے سکرین تک کا سفر کیا
بالی وڈ کے اداکار عام طور پر اپنی شاندار اداکاری، چکاچوند زندگی اور شہرت کی وجہ سے جانے جاتے ہیں مگر بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ ان میں سے کئی اداکار اعلیٰ تعلیم یافتہ بھی ہیں۔
ان فنکاروں نے باقاعدہ ڈگریاں حاصل کر رکھی ہیں۔
شوبز کی خبروں کی ویب سائٹ ’کُوئی مُوئی‘ کے مطابق ان اداکاروں میں سے کچھ ایسے بھی ہیں جنہوں ادکاری سے قبل حاصل کی گئی تعلیم کے متعلقہ پیشے بھی اختیار کیے مگر بعد میں شوق (اداکاری) کی وجہ سے سب کچھ چھوڑ دیا۔
شاہ رخ خان
بالی وُڈ کے کنگ کے طور پر جانے والے شاہ رخ خان نے دہلی کے ہنسراج کالج سے اکنامکس میں گریجویشن کیا۔ بعد ازاں جامعہ ملیہ اسلامیہ میں ماس کمیونیکیشن میں ماسٹرز میں داخلہ لیا مگر اداکاری کے شوق میں تعلیم ادھوری چھوڑ دی۔
انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز ٹی وی سیریل ’فوجی‘ سے کیا اور سنہ 1992 میں فلم ’دیوانہ‘ سے فلمی دنیا میں قدم رکھا تھا۔
آیوشمان کھرانہ
معیاری اور مختلف کرداروں کے لیے مشہور آیوشمان کھرانہ نے ڈی اے وی کالج سے انگلش لٹریچر میں گریجویشن اور پنجاب یونیورسٹی سے ماس کمیونیکیشن میں ماسٹرز کر رکھا ہے۔
فلموں میں آنے سے قبل آیوشمان کھرانہ تھیٹر اور ریڈیو جوکی کے طور پر کام کرتے رہے۔ سنہ 2012 میں فلم ’وکی ڈونر‘ سے ڈیبیو کیا اور بعد میں ’اندھا دھن‘ پر نیشنل ایوارڈ بھی جیتا۔
سارہ علی خان
سیف علی خان اور امرتا سنگھ کی بیٹی سارہ علی خان نے امریکہ کی کولمبیا یونیورسٹی سے تاریخ اور پولیٹیکل سائنس میں تعلیم حاصل کر رکھی ہے۔
انہوں نے سنہ 2018 میں فلم ’کیدارناتھ‘ سے بالی وُڈ میں قدم رکھا اور کم وقت میں اپنی پہچان بنائی ہے۔
تاپسی پنو
بے باک اداکاری کے لیے جانی جانے والی تاپسی پنو کمپیوٹر سائنس انجینیئر ہیں۔
انہوں نے دہلی کے گرو تیغ بہادر انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی سے انجینئرنگ کی اور فلموں میں آنے سے پہلے بطور سافٹ ویئر انجینیئر بھی کام کیا۔
’پنک‘، ’تھپڑ‘ اور ’بیبی‘ جیسی فلموں نے انہیں منفرد مقام دلایا ہے۔
کارتک آریان
مشہور اداکار کارتک آریان نے بایوٹیکنالوجی انجینیئرنگ کی تعلیم حاصل کی۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے بتایا تھا آڈیشنز کے لیے کلاسز چھوڑ دیتے تھے مگر اس کے باوجود اپنی انجینیئرنگ مکمل کی۔
ایک آؤٹ سائیڈر ہونے کے باوجود انہوں نے محنت سے بالی وڈ میں اپنی جگہ بنائی۔
وکی کوشل
ایکشن ڈائریکٹر شام کوشل کے بیٹے وکی کوشل نے ممبئی کے راجیو گاندھی انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی سے الیکٹرانکس اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن میں انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کر رکھی ہے۔
بعدازاں انہیں اداکاری کا شوق غالب آیا تو ’گینگز آف واسے پور‘ میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر رہے اور 2015 میں ’مسّان‘ سے اداکار بنے۔
سوہا علی خان
سوہا علی خان معروف اداکارہ شرمیلا ٹیگور اور سابق انڈین کرکٹر منصور علی خان پٹودی کی سب سے چھوٹی بیٹی ہیں۔
انہوں نے آکسفورڈ یونیورسٹی کے بالیول کالج سے ماڈرن ہسٹری میں بیچلرز کی ڈگری حاصل کی جبکہ اس کے بعد برطانیہ کے لندن سکول آف اکنامکس اینڈ پولیٹیکل سائنس سے انٹرنیشنل ریلیشنز میں ماسٹرز کیا۔
سوہا علی خان نے اپنی والدہ اور بڑے بھائی سیف علی خان کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے فلم ’دل مانگے مور‘ سے اداکاری کا آغاز کیا تھا۔
