اسلام آباد کی یونیورسٹی میں تیندوا دیکھے جانے کی اطلاع، ’جانور کی موجودگی کے آثار‘
جمعرات 25 دسمبر 2025 6:02
اسلام آباد کی انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی کے احاطے میں تیندوا دیکھے جانے کی اطلاع کے بعد اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ نے کہا ہے کہ جانور کی موجودگی کے آثار پائے گئے ہیں۔
بدھ کی شب ایکس پر ایک پوسٹ میں اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ نے بتایا کہ ان کی ٹیم نے اطلاع ملنے والے علاقے میں سرچ آپریشن کیا۔
بیان کے مطابق ’احتیاطی تدابیر کے طور پر گشت جاری ہے اور جانور کو پکڑنے کے آلات نصب کیے جا رہے ہیں۔ تمام افراد سے گزارش ہے کہ پُرسکون رہیں، غیر مصدقہ معلومات پر یقین نہ کریں اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔‘
دوسری جانب اسلامک یونیورسٹی کے فیس بک پیج پر ایک پوسٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد وائلڈ لائف میججمنٹ بورڈ نے کیمپس کا دورہ کیا اور جانور کی تلاش شروع کر دی ہے۔

بیان کے مطابق وائلڈ لائف کی ٹیم یونیورسٹی انتظامیہ کی باضابطہ درخواست پر کیمپس پہنچی۔ حفاظتی اقدامات کے تحت یونیورسٹی انتظامیہ متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے اور صٓورتحال کا مسلسل جائزہ لے رہی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یونیورسٹی نے کیمپس میں نگرانی مزید سخت کر دی ہے اور طلبہ، عملے اور رہائشیوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے وائلڈ لائف اور انتظامی محکموں کے ساتھ تعاون جاری ہے۔
یونیورسٹی انتظامیہ نے بروقت کارروائی اور پیشہ ورانہ تعاون پر اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کا شکریہ ادا کیا۔
یونیورسٹی نے نشاندہی کی ہے کہ اس حوالے سے کچھ غیر سرکاری رپورٹس گردش کر رہی ہیں۔ ’تمام متعلقہ افراد کو ہدایت کی جاتی ہے کہ غیر مصدقہ اطلاعات پر یقین نہ کریں اور درست اور بروقت معلومات کے لیے یونیورسٹی کے سرکاری ذرائع پر ہی انحصار کریں۔‘
