Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لاہور: پاکستان کے سینیئر صحافی اور انسانی حقوق کے سرگرم کارکن حسین نقی انتقال کر گئے

پاکستان کے سینیئر صحافی اور انسانی حقوق کے سرگرم کارکن حسین نقی لاہور میں انتقال کر گئے ہیں۔
اہلِ خانہ کے مطابق ان کی نمازِ جنازہ آج اتوار کی دوپہر ساڑھے بارہ بجے ماڈل ٹاؤن لاہور کی جامعہ المنتظر میں ادا کی جائے گی۔
متحدہ ہندوستان کے شہر لکھنؤ میں پیدا ہونے والے حسین نقی تقسیمِ ہند کے بعد ہجرت کر کے پاکستان آ گئے تھے۔ انہوں نے 1950 کی دہائی کے اواخر میں اپنے صحافتی کریئر کا آغاز کیا اور چھ دہائیوں سے زائد عرصے تک ملک کے مختلف انگریزی، اردو اور پنجابی اخبارات و جرائد سے بطور رپورٹر، کالم نگار اور مدیر وابستہ رہے۔
صحافی عمران میر نے اپنے تعزیتی پیغام میں ان کے پیشہ ورانہ سفر کو یاد کرتے ہوئے لکھا کہ ’نقی صاحب نے پی پی آئی ، دی نیوز، دی سن اور ویو پوائنٹ جیسے مختلف اداروں میں خدمات انجام دیں اور لاہور سے پہلا پنجابی روزنامہ ’سجن‘ بھی جاری کیا۔‘
صحافی عدنان عادل نے انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے لکھا کہ ’میرے مشفق استاد، سینیئر صحافی اور انسانی حقوق کے سرگرم رہنما حسین نقی دیانت داری اور اصول پسندی کا ایک مثالی نمونہ تھے۔ صحافت، جمہوریت اور انسانی حقوق کی تحریک کے لیے ان کی خدمات ساٹھ برسوں پر محیط تھیں۔‘
حسین نقی کا شمار ان صحافیوں میں ہوتا تھا جنہوں نے پاکستان میں فوجی آمریتوں اور صحافتی پابندیوں کے ادوار میں کھل کر تنقید کی۔ جنرل ایوب خان، جنرل یحییٰ خان اور جنرل ضیاء الحق کے ادوارِ حکومت میں اظہارِ رائے کی قدغنوں کے خلاف آواز اٹھانے پر انہیں متعدد بار قید و بند کا سامنا کرنا پڑا۔ جنرل ضیاء الحق کے مارشل لا کے دوران صحافیوں کی احتجاجی تحریک میں حصہ لینے پر انہیں کوڑوں کی سزا بھی سنائی گئی تھی۔
سینیئر صحافی حامد میر نے ان کی جدوجہد کا ذکر کرتے ہوئے لکھا کہ ’ہر مشکل دور میں آزادیِ اظہار کی جنگ لڑنے والے بزرگ صحافی جناب حسین نقی مارشل لا ادوار میں بھی جیل گئے اور جمہوری ادوار میں بھی قیدی بنے۔ ان کی آپ بیتی ’جو مجھ سے ہو سکا‘ کے نام سے شائع ہو چکی ہے۔‘
سنہ 1971 میں مشرقی پاکستان کے سیاسی اور عسکری بحران کے دوران، جب مغربی پاکستان کے ذرائع ابلاغ پر سخت سنسرشپ عائد تھی، حسین نقی نے زمینی حقائق پر مبنی رپورٹنگ اور تجزیے پیش کیے۔ صحافتی حلقوں میں اس دور کی ان کی تحریروں کو تاریخی اہمیت کا حامل سمجھا جاتا ہے۔
صحافت کے علاوہ حسین نقی انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے بھی سرگرم رہے۔ وہ عاصمہ جہانگیر اور آئی اے رحمان کے ہمراہ ’انسانی حقوق کمیشن آف پاکستان‘ (ایچ آر سی پی) کے بانی ارکان میں شامل تھے۔ انہوں نے طویل عرصے تک ایچ آر سی پی کے نیشنل کوآرڈینیٹر کے طور پر کام کیا اور اقلیتوں، خواتین اور محروم طبقات سے متعلق معاملات کو اجاگر کیا۔
اس کے ساتھ ساتھ وہ ’پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس‘ (پی ایف یو جے) کے بھی سرگرم رہنما رہے اور صحافیوں کے حقوق کے لیے چلائی جانے والی تحریکوں میں پیش پیش رہے۔
پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ نے ان کی رحلت پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’سید حسین نقی صاحب کی رخصت کے ساتھ آزادیِ صحافت، انسانی حقوق، شہری آزادیوں اور آزادیِ اظہار کے لیے طویل جدوجہد کا ایک باب بند ہو گیا۔ نقی صاحب پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے لیے ایک تھنک ٹینک کا درجہ رکھتے تھے۔ جب بھی ہمیں کسی بڑے بحران کا سامنا ہوا، ہم نے نقی صاحب سے رجوع کیا اور انہی کے مشورے کی روشنی میں اپنی جدوجہد کی سمت طے کی۔‘
صحافی عاصمہ شیرازی نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں لکھا کہ ’صحافت کا ایک عہد ختم ہوا۔ حسین نقی بے باک، آزاد صحافت کے ماتھے کا جھومر تھے۔‘

شیئر: