Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

باجوڑ آپریشن میں مارے جانے والے میجر کی نمازِ جنازہ ادا، آرمی چیف کی شرکت

میجر عدیل زمان کا تعلق ڈیرہ اسماعیل خان سے تھا۔ فائل فوٹو: آئی ایس پی آر
پاکستان کی فوج نے کہا ہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا میں ایک آپریشن کے دوران پانچ عسکریت پسند مارے گئے جبکہ میجر عدیل زمان جان سے چلے گئے۔
پیر کو راولپنڈی میں فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ ’ضلع باجوڑ کے علاقے خار میں انٹیلیجنس کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا جہاں انڈین پراکسی سے تعلق رکھنے والے خوارج کی موجودگی کی اطلاع تھی۔‘
بیان کے مطابق ’ٓآپریشن کے دوران اہلکاروں کی موثر کارروائی کے نتیجے میں پانچ انڈین سپانسرڈ خوارج مارے گئے۔‘
آئی ایس پی آر نے تصدیق کی کہ اس کارروائی کے دوران فوج کے ایک میجر بھی جان کی بازی ہار گئے۔ ’ڈیرہ اسماعیل خان سے تعلق رکھنے والے 36 سالہ میجر عدیل زمان بھی بہادری سے لڑتے ہوئے اپنی جان قربان کر گئے۔‘
میجر عدیل زمان کی نمازِ جنازہ میں وزیر داخلہ، آرمی چیف اور پشاور کے کور کمانڈر نے شرکت کی۔
بیان کے مطابق ’مارے گئے خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔ یہ دہشت گرد سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں کے علاوہ بے گناہ شہریوں کے قتل میں بھی ملوث تھے۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’علاقے میں موجود دیگر خوارج کو ختم کرنے کے لیے کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔‘
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ ’پاکستان کی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے وژن عزم استحام کے تحت انسداد دہشت گردی کی انتھک مہم ملک سے غیرملکی سپانسر شدہ دہشت گردی کے خطرے کو ختم کرنے کے لیے پوری رفتار سے جاری رہے گی۔‘

 

شیئر: