Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ماسکو میں کار بم دھماکہ، روسی فوج کے جنرل فانیل سروروف ہلاک

روسی تفتیش کاروں نے کہا ہے کہ اس حملے کے پیچھے یوکرین کا ہاتھ ہو سکتا ہے۔ فوٹو: اے پی
روس میں ایک کار بم دھماکے میں فوج کے جنرل ہلاک ہو گئے ہیں۔
خبر رساں ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق رواں سال کے دوران روسی فوج کے یہ تیسرے سینیئر عہدیدار ہیں جو قتل کیے گئے۔
روسی تفتیش کاروں نے کہا ہے کہ اس حملے کے پیچھے یوکرین کا ہاتھ ہو سکتا ہے۔
جرائم کی تفتیش کرنے والی اعلٰی ترین روسی ایجنسی کی ترجمان سویتلانا پیٹرینکو نے بتایا کہ ’مسلح افواج کے جنرل سٹاف کے آپریشنل ٹریننگ ڈائریکٹوریٹ کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل فانیل سروروف زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔‘
ترجمان پیٹرینکو نے کہا کہ ’تفتیش کار اس قتل کے حوالے سے کئی زاویوں سے تحقیقات کر رہے ہیں۔ ان میں سے ایک یہ ہے کہ اس جرم کی منصوبہ بندی یوکرین کی انٹیلیجنس سروسز کی طرف کی گئی۔‘
لگ بھگ چار سال قبل جب سے ماسکو نے یوکرین میں فوج بھیجی ہے تب سے روسی حکام نے یوکرین کو روس میں متعدد فوجی افسران اور عوامی شخصیات کے قتل کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے۔ یوکرین نے ان میں سے بعض کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ تاہم حالیہ واقعے پر ابھی تک کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
روسی صدارتی دفتر کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے کہا کہ صدر ولادیمیر پوتن کو سروروف کے قتل کے بارے میں فوری طور پر مطلع کر دیا گیا تھا۔
وزارت دفاع نے کہا کہ سروروف اس سے قبل چیچنیا میں لڑ چکے تھے اور انہوں نے شام میں ماسکو کی فوجی مہم میں بھی حصہ لیا تھا۔

شیئر: