’ایکسپو 2030 ریاض‘ انفراسٹرکچر کی تعمیر میں تیزی کے لیے معاہدہ
یہ سنگِ میل اس پروجیکٹ کی بڑھتی ہوئی رفتار کو ظاہر کرتا ہے (فوٹو: ایس پی اے)
تعیمری کاموں کو تیزی سے آگے بڑھانے کے لیے ’ایکسپو 2030 ریاض‘ نے ’مین یوٹیلیٹیز اینڈ سِول ورکس پیکج‘ کا معاہدہ نسما اینڈ پارٹنرز کو دیا ہے۔
یہ پیش رفت عالمی طور پر آج تک تعمیر ہونے والے سب سے زیادہ پُر عزم میگا ایونٹس میں سے ایک کو دنیا کے سامنے لانے کے سفر میں ایک اہم لمحہ ہے۔
یہ سنگِ میل اس پروجیکٹ کی بڑھتی ہوئی رفتار کو ظاہر کرتا ہے جو ابتدائی مراحل مکمل کرنے کے بعد اب بڑے پیمانے پر تعمیر کی طرف بڑھ رہا ہے۔
’ایکسپو 2030 ریاض‘ کمپنی کی طرف سے جاری کی جانے والی پریس ریلیز میں کہا گیا کہ ورکس پیکج کا مقصد سائٹ کو آئندہ مراحل کی تعمیر کے لیے تیار کرنا ہے۔ اس سےایونٹ کی آپریشنل ضروریات میں تعاون حاصل ہوگا۔
اس کام میں ایکسپو سائٹ کے اندر سڑکوں کی تعمیر اور بنیادی اور لازمی ضروریات کے ڈھانچے کو تیار کرنا ہے جو پورے منصوبے کے لیے انفراسٹرکچر میں ریڑھ کی ہڈی کا کام دے گا۔

انفراسٹرکچر کے 50 کے قریب نیٹ ورکس اس پیکج کے تحت تیار ہوں گے جن میں پانی، سیوج، الیکٹرک سے چارج ہونے والی گاڑیوں کے لیے سٹیشن اور بجلی اور مواصلات کا نظام شامل ہے۔
یہ تمام امور، ایکسپو کے ماسٹر پلان کی تعمیر کے مراحل میں تعاون کے لیے ضروری ہیں اور ’ایکسپو 2030 ریاض‘ کے ڈھانچے کو عملی شکل اختیار کرنے کا موقع دیں گے۔
’ایکسپو 2030 ریاض‘ کمپنی کے سی ای او طلال المری نے اس موقع پر کہا کہ ’ایکسپو 2030 ریاض کی سائٹ پر تعمیراتی کاموں کو تیز کرنے میں یہ قدم ایک سنگِ میل ہے۔

انفراسٹرکچر پر جلدی کام شروع کر کے جو پوری سائٹ کی تعمیر کو استحکام بخشے گا، ہم تعمیر کے تمام مراحل کے لیے ابھی سے ایک محفوظ، مربوط اور اعلٰی درجے کے کام کے لیے حالات پیدا کر رہے ہیں۔ توقع ہے کہ ہماری میراث 2030 سے کہیں آگے جائے گی۔‘
نسما اینڈ پارٹنرز کو شیڈیول سے قبل یہ معاہدہ اس لیے دیا گیا ہے تاکہ پروجیکٹ تیزی سے مکمل ہو کر شیڈول کے مطابق تیار ہو جائے۔

یہ فیصلہ ایک مرحلہ وار اپروچ کا حصہ ہے جس کے تحت انفراسٹرکچر، عمارات اور عوامی مقامات کی تعمیر سنہ 2026 کے دوران اور 2027 کے اوائل تک آگے بڑھتی رہے گی۔
نسما اینڈ پارٹنرز کے صدر اور چیف ایگزیکٹیو آفیسر سامر عبدالصمد کا کہنا تھا ’ایکسپو 2030 ریاض کے انفراسٹرکچر کے اس مرحلے کی تعمیر مکمل کرنے کا کام ملنے پر ہم فخر محسوس کرتے ہیں۔ یہ منصوبہ صرف محض اپنی وسعت کے لیے نہیں بلکہ عین درست انداز میں تعمیر، مربوط ہونے اور ذمہ دارانہ انداز میں مکمل ہونے سے تعلق رکھتا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’ہماری توجہ اعلٰی درجے کا انفراسٹرکچر تعمیر کرنے پر مرکوز رہے گی جو ’ایکسپو 2030 ریاض‘ کے عزم کو معاونت دے گی اور اس کے بعد آنے والی ہر چیز کی بنیاد بنے گی۔‘
پریس ریلیز کے مطابق ’ایکسپو 2030 ریاض‘ کمپنی نے کوالٹی کے لیے اعلٰی درجے کے معیار، پائیداری، جدت، کارکنوں کی فلاح و بہبود اور صحت اور حفاظت کو اپنے کام میں سمو رکھا ہے جو اس کے ذمہ دارانہ تعمیر کے عزم کا عکاس ہے جہاں ایک محفوظ ماحول میں سب مل جل کر کام کر سکیں۔
