ایکسپو 2030 کے ماسٹر پلان کے لیے برطانوی کمپنی کے ساتھ معاہدہ
ایکسپو 2030 کے ماسٹر پلان کے لیے برطانوی کمپنی کے ساتھ معاہدہ
منگل 2 دسمبر 2025 20:01
پلان میں ایکسپو کی تمام تر ضروریات پر توجہ مرکوز کی جائے گی (فوٹو: ایس پی اے)
’ایکسپو 2030 ریاض کمپنی‘ نے بُورو ہوپلڈ نامی مشہور برطانوی کمپنی کے ساتھ ’ریاض ایکپسو2030 ‘ کا تفصیلی ماسٹر پلان تیار کرنے کا معاہدہ کیا ہے۔
ماسٹر پلان میں بُورو ہوپلڈ، ریاض ایکسپو کے بنیادی ڈھانچے کا ڈیزائن، لینڈ سکیپنگ اور سہولتوں سے متعلقہ پروجیکٹ کی سربراہی کرتے ہوئے مشاورت کا کام کرے گی۔
بُورو ہوپلڈ اور ’ایکسپو 2030 ریاض کمپنی‘ کے درمیان یہ شراکت ایک مرکزی سنگِ میل کی حامل ہے جس سے واضح ہوتا ہے کہ سعودی عرب، سنہ 2030 میں ریاض ایکسپو کے ایڈیشن کو غیر معمولی اور فقیدالمثال بنا کر پیش کرنے کا عزم رکھتا ہے۔
معاہدے کے تحت، بُورو ہوپلڈ، ریاض ایکسپو کا تفصیلی ماسٹر پلان تیار کرنے کے لیے خدمات کا ایک مربوط سلسلہ فراہم کرے گی۔
اس پلان میں نہ صرف ایکسپو کی تمام تر ضروریات پر توجہ مرکوز کی جائے گی بلکہ ایونٹ کے بعد ایکسپو کی سائٹ کی میراث کو طویل عرصے تک قائم رکھنا بھی منصوبے کا حصہ ہوگا۔
برطانوی کمپنی انفراسٹرکچر، سہولتوں، لینڈ سکیپنگ اور آؤٹ ڈور مقامات کے مربوط استعمال کے لیے بھی تفصیلی ڈیزائن تیار کرے گی۔ ایکسپو کی سائٹ کی تعمیر کے مراحل کے دوران بُورو ہوپلڈ، انجینئرنگ اور تکنیکی معاونت کی بھی ذمہ دار ہوگی۔
’ریاض ایکپسو2030 ‘ کی سائٹ اعلٰی معیار کے مطابق تیار کی جائے گی (فوٹو: ایس پی اے)
اس اقدام سے یہ یقینی بن جائے گا کہ ’ریاض ایکپسو2030 ‘ کی سائٹ جدید تقاضوں کے اعلٰی ترین معیار کو سامنے رکھ کر تیار کی جائے گی جو پائیداری اور عملی کارکردگی کی بہترین مثال کی طور پر سامنے آئے گی۔
توقع ہے کہ ’ریاض ایکپسو2030 ‘ میں 197 ممالک شرکت کریں گے اور خیال کیا جاتا ہے کہ تقریبا چھ ملین سکوائر میٹر کی سائٹ اور یہاں ہونے والے ایونٹس کو دیکھنے کے لیے بیالیس ملین دورے ہوں گے۔
یہ ایونٹ مشترکہ بین الاقوامی چیلنجوں پر بات چیت کرنے اور پائیدار مستقبل کی تشکیل کے سلسلے میں نت نئے اور جدید حل پیش کرنے میں ایک منفرد پلیٹ فارم کی صورت اختیار کرےگا۔
’ریاض ایکپسو2030 ‘ کے بارے میں مزید تفیصل مندرجہ ذیل لنک کو کلِک کر کے حاصل کی جا سکتی ہے۔