Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی کابینہ کی ایران کے حملوں کی مذمت، مملکت کو دفاع کا مکمل حق حاصل

سعودی عرب کی کابینہ نے منگل کو مملکت، خلیجی ممالک اور خطے کے دیگر ملکوں کو نشانہ بنانے والے ایرانی حملوں کی شدید مذمت کی، اور واضح کیا کہ ایسے اقدامات علاقائی امن کو متاثر کرتے ہیں اور بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق کابینہ کا اجلاس ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی زیرِ صدارت ویڈیو لنک کے ذریعے منعقد ہوا، جس میں سعودی عرب کے اس حق کی دوبارہ توثیق کی گئی کہ وہ اپنی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے ہر ضروری قدم اٹھا سکتا ہے۔
وزراء نے مملکت کے فضائی دفاع کی کارکردگی کو بھی سراہا، جس نے حملوں کے دوران مختلف میزائل اور ڈرونز کو بروقت نشانہ بنا کر تباہ کیا، اور ممکنہ تباہ کاریوں کو ناکام بنایا۔
اجلاس کے دوران ولی عہد نے متعدد عالمی رہنماؤں سے ہونے والی حالیہ ٹیلی فونک بات چیت سے آگاہ کیا، جو خطے کی کشیدہ صورت حال اور عالمی استحکام پر اس کے اثرات کے حوالے سے جاری بین الاقوامی مشاورت کا حصہ ہے۔
وزیر اطلاعات سلمان بن یوسف الدوسری نے سعودی پریس ایجنسی کو بتایا کہ کابینہ نے خلیجی اور عرب ریاستوں کے ساتھ قریبی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے سعودی کوششوں کا جائزہ لیا، تاکہ خطے کو درپیش چیلنجز کا مشترکہ طور پر مقابلہ کیا جا سکے۔
کابینہ نے خلیج تعاون کونسل اور یورپی یونین کے درمیان ہونے والی حالیہ ملاقاتوں، اور عرب لیگ کے بیانات کا بھی خیرمقدم کیا جن میں ایرانی حملوں کی کھل کر مذمت کی گئی۔
اجلاس کے اختتام پر وزراء نے 11 مارچ کو منائے جانے والے سعودی پرچم کے دن کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا، جسے مملکت کی تاریخ، قومی شناخت اور اس کی بنیاد رکھنے والے اصولوں کا روشن نشان قرار دیا جاتا ہے۔

 

شیئر: