کنگ فیصل ایوارڈ 2026 کے فاتحین کا اعلان بدھ کو کیا جائے گا
شہزادہ ترکی الفیصل پانچ شعبوں میں فاتحین کے ناموں کا اعلان کرییں گے (فوٹو: ایکس اکاونٹ)
کنگ فیصل ایوارڈ 2026 کے فاتحین کا اعلان بدھ 7 جنوری کو کیا جائے گا۔ ایوارڈ کے لیے قائم خصوصی کمیٹیوں نے دارالحکومت ریاض میں اجلاس کیے۔
شہزادہ ترکی الفیصل ریاض کے الفیصلیہ سینٹر کے پرنس سلطان گرینڈ ہال میں پانچ مختلف شعبوں میں فاتحین کے ناموں کا اعلان کرییں گے۔
ایس پی اے کے مطابق شہزادہ ترکی الفیصل اس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت بھی کریں گے جس میں اسلام کی خدمت کے شعبے کے فاتح کا اعلان کیا جائے گا۔
کنگ فیصل ایوارڈ جنرل سیکریٹریٹ نے اس سال ایوارڈ کےلیے ’اسلامی علوم کے شعبے میں اسلامی دنیا میں تجارتی راستے، عربی زبان و ادب، فرانسیسی میں عربی ادب، میڈیسن میں مٹاپے کے علاج کو تبدیل کرنے والی دریافتیں اور سائنس کے شعبے میں میتھمیٹکس کے موضوع کا انتخاب کیا ہے۔
جبکہ اسلام کی خدمت ایک اعزازی ایوارڈ ہے جو اسلام، مسلمانوں اور انسانیت کے لیے غیرمعمولی خدمات کا اعتراف کرتا ہے۔
کنگ فیصل ایوارڈ کے لیے امیدواروں کی نامزدگیاں یونیورسٹیوں، تحقیقی مراکز اور سائنسی اداروں کے حوالے سے قبول کی جاتی ہیں۔

’ ایوراڈ کے لیے انفرادی یا سیاسی گروپوں سے نامزدگیاں قبول نہیں کی جاتیں، امیدوار کا حیات ہونا، ان کا کام پہلے سے شائع شدہ علمی طور پر اثرانگیز اور انسانیت کی ترقی کے لیے فائدہ مند ہونا چاہیے۔‘
ایوارڈ کے لیے اس سال خصوصی کمیٹیوں میں مختلف ملکوں کے ماہرین اور سکالرز شامل ہیں جو نامزد افراد کے کاموں کا جائزہ لینے، غیر جانبداری اور شفافیت کے ساتھ انعام یافتگان کے انتخاب کے لیے اجلاس کرتے ہیں۔
یاد رہے کنگ فیصل ایوارڈ 1979 میں پہلی مرتبہ تین شعبوں اسلام کی خدمت، اسلامی علوم اور عربی زبان و ادب میں دیا گیا تھا۔
1980 میں دو مزید شعبے طب اور سائنس متعارف کرائے گئے، ایوارڈ یافتگان کو دو لاکھ ڈالر، 200 گرام 24 قیراط کا گولڈ میڈل اور سرٹیفکیٹ دیا جاتا ہے۔
