Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

معرکہ حق، فضائیہ نے سائبر وار فیئر میں اپنی برتری ثابت کی: ایئر چیف

پاکستان کی فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل نذیر ظہیر احمد بابر سدھو نے کہا ہے کہ 10 مئی کو دشمن کو منہ توڑ جواب دے کر ایئر فورس نے سائبر وار فیئر میں اپنی برتری ثابت کی۔
منگل کو رسالپور میں ایئر فورس اکیڈمی کی پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے ایئر چیف مارشل نذیر احمد بابر سدھو کا مزید کہنا تھا کہ معرکہ حق آپریشن بنیان المرصوص میں پاکستان ایئر فورس کی بہترین کارکردگی کا مظہر ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ چھ اور سات مئی کو جب ملک کی خودمختاری کو چیلنج کیا گیا تو جس طرح سے اس کا منہ توڑ جواب دیا گیا اس پر دنیا حیران ہے۔
’ہم نے دشمن کے ڈیفنس سسٹم کو کامیابی سے نشانہ بنایا اور اس کے جہاز گرائے گئے۔‘
ایئر چیف مارشل نذیر ظہیر احمد بابر سدھو پاکستان کی بری فوج کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس کی جانب سے زمین پر بھی بھرپور کارروائی کی گئی اور دشمن کو شکست دی گئی۔
انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر کسی نے ہماری امن کی خواہش کو چیلنج کیا تو اس کو منہ کی کھانا پڑے گی۔
ان کے مطابق ’فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے معرکہ حق میں قائدانہ کردار ادا کیا۔‘
انہوں نے کہا کہ قوم اور مسلح افواج نے عددی برتری رکھنے کے باوجود دشمن کو شکست فاش سے دوچار کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان عالمی امن کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔
انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ پاکستان کی سلامتی پر کبھی آنچ نہیں آنے دیں گے۔ کثیرالجہتی آپریشن کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ فضائیہ کا ہر جوان، افسر ہمہ وقت ملک کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے تربیت مکمل کرنے والے کیڈٹس کو مبارک دیتے ہوئے کہا کہ آپ ملک کا سرمایہ ہیں اور قوم کی امیدیں اب آپ کے کندھوں پر ہیں۔
 

شیئر: