بنگلہ دیش ایئر فورس کے سربراہ کی فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات، عسکری تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال
جمعرات 8 جنوری 2026 16:20
ملاقات میں چیف آف ڈیفنس فورسز نے بنگلہ دیش کے ساتھ دیرپا دفاعی تعلقات کے فروغ کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ (فوٹو: آئی ایس پی آر)
بنگلہ دیش کی فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل حسن محمود خان، نے جنرل ہیڈکوارٹرز راولپنڈی میں جمعرات کو پاکستان کے چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتِ حال اور دوطرفہ دفاعی و عسکری تعاون کو فروغ دینے کے امکانات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔
دونوں فریقین نے پاکستان اور بنگلہ دیش کی مسلح افواج کے درمیان پیشہ ورانہ تعاون، تربیتی تبادلوں اور دفاعی تعلقات کو مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔
ایئر چیف مارشل حسن محمود خان نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور علاقائی امن و استحکام کے لیے ان کی خدمات کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
پاکستان کے چیف آف ڈیفنس فورسز نے بنگلہ دیش کے ساتھ دیرپا دفاعی تعلقات کے فروغ کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
