14 برس بعد براہ راست پروازیں، پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات میں بڑھتی گرمجوشی
14 برس بعد براہ راست پروازیں، پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات میں بڑھتی گرمجوشی
جمعرات 8 جنوری 2026 12:24
بنگلہ دہش کی قومی ایئرلائن کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش اور پاکستان عشرے سے زائد عرصے کے بعد براہ راست پروازیں شروع کرنے والے ہیں۔
اس پیشرفت کو دونوں ممالک کے تعلقات میں گرمجوشی اور علاقائی طاقت کے توازن میں تبدیلی کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بیمان بنگلہ دیش ایئرلائنز کی جانب سے پہلی ڈھاکہ سے کراچی براہ راست 29 جنوری کو شیڈول کی گئی ہے اور ہفتے میں اس کی دو پروازیں اڑان بھرا کریں گی جو کہ 2012 کے بعد سے پہلی بار ہو رہا ہے۔
جمعرات کو ایئرلائن کے مینیجر بوسرا اسلام نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’ہم ڈھاکہ کراچی روٹ کو پھر سے دو پروازوں کے ساتھ شروع کر رہے ہیں۔‘
پاکستان اور بنگلہ دیش جغرافیائی طور پر 1500 کلومیٹر سے زائد کے فاصلے کے ساتھ تقسیم ہیں جو کبھی ایک ملک ہوا کرتے تھے اور 1971 میں جدا ہوئے۔
بیمان بنگلہ دیش ایئرلائن کی جانب سے جاری بیان میں یہ بھی کہنا ہے کہ ’براہ راست پروازوں کی بحالی سے دونوں ملکوں کے درمیان رابطے بڑھیں گے جن کی بدولت کاروبار اور سیاحت کو فروغ ملنے کے ساتھ ساتھ فیمیلز بھی ایک دوسرے سے مل سکیں گی۔‘
بنگلہ دیش اور پاکستان کے درمیان سفر کرنے والوں کو فی الوقت خلیجی ممالک کی کنکٹنگ پرواز استعمال کرنا پڑتی ہے۔
بنگلہ دیش اگست 2024 میں طلبہ کی جانب سے چلائی گئی تحریک کے بعد سے سیاسی بحران کا شکار رہا ہے جس میں وزیراعظم حسینہ واجد کا تختہ الٹ دیا گیا تھا، جس کے بعد وہ انڈیا فرار ہوئیں۔
وزیراعظم شیخ حسینہ واجد طلبہ کی احتجاجی تحریک کے بعد اقتدار سے ہاتھ دھو بیٹھی تھیں (فائلف فوٹو: اے ایف پی)
اس کے بعد سے بنگلہ دیش اور حسینہ واجد کے پرانے اتحادی انڈیا کے درمیان تعلقات ٹھنڈے پڑ گئے ہیں جبکہ ڈھاکہ کے دوسرے مسلمان کے ساتھ تعلقات میں گرمجوشی دیکھنے میں آئی ہے۔
کارگو جہازوں نے نومبر 2024 میں کراچی سے بنگلہ دیش کی اہم بندرگاہ چٹاکانگ کے لیے دوبارہ سفر کا سلسلہ شروع کیا تھا۔
اس کے بعد دونوں ممالک کی تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوا ہے اور ثقافتی روابط بھی بڑھے ہیں۔
پاکستان کے مشہور گلوکار ڈھاکہ میں ہونے والے مختلف پروگرامز میں پرفارم بھی کر رہے ہیں جبکہ بنگلہ دیش سے مریض علاج کی غرض سے پاکستان کا بھی رخ کر رہے ہیں۔