سکیورٹی فورسز کا ٹانک اور لکی مروت میں آپریشن، نو عسکریت پسند ہلاک
آئی ایس پی آر کے مطابق ’انڈین سپانسرڈ خوارج کے قبضے سے ہتھیار بھی برآمد کیے گئے‘ (فائل فوٹو: آئی ایس پی آر)
پاکستان کی فوج نے صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں آپریشن کر کے نو عسکریت پسندوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے سنیچر کو جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ ’ضلع ٹانک میں خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا گیا۔‘
بیان کے مطابق ’فورسز اور خوارج کے درمیان شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد سات خوارج کو ہلاک کر دیا گیا۔‘
’ضلع لکی مروت میں خفیہ معلومات کی بنیاد پر ایک اور آپریشن میں دو خارجیوں کو ہلاک کیا گیا۔‘
آئی ایس پی آر کے مطابق ’انڈین سپانسرڈ خوارج کے قبضے سے ہتھیار بھی برآمد کیے گئے۔ یہ افراد سکیورٹی فورسز، قانوم نافذ کرنے والے محکموں کے اہلکاروں اور سویلینز کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے۔‘
بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی طرف سے وژن ’عزم استحکام‘کے تحت انسداد دہشت گردی مہم کے طور پر علاقے میں پائے جانے والے کسی بھی دوسرے انڈین سپانسرڈ خارجی کو ختم کرنے کے لیے کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔
