Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جورجینا روڈریگز اور جیجی حدید فیشن میں پسندیدہ سُپرماڈلز کی فہرست میں شامل

جورجینا روڈریگز اس فہرست میں 7 کروڑ 76 لاکھ فالوورز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں (فائل فوٹو: روئٹرز)
سپر ماڈلز جورجینا روڈریگز اور جیجی حدید نے رواں ہفتے مشہور ویب سائٹ ’ماڈلز ڈاٹ کام‘ کی فہرست میں جگہ بنا لی ہے۔
واضح رہے کہ ’ماڈلز ڈاٹ کام‘ دنیا بھر میں میڈیا میں پسندیدگی کی بنیاد پر ٹاپ ماڈلز کی رینکنگ کرنے والی ویب سائٹ ہے۔
عرب نیوز کے مطابق جورجینا روڈریگز اس فہرست میں 7 کروڑ 76 لاکھ فالوورز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔
جورجینا روڈریگز ارجنٹائن کی ٹاپ ماڈل اور سٹار فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو کی منگیتر ہیں اور اپنی فیملی کے ساتھ سعودی عرب میں مقیم ہیں۔
اسی فہرست میں تیسرا نمبر امریکی ماڈل جیجی حدید کا ہے جن کے 7 کروڑ 76 لاکھ فالوورز ہیں۔ امریکہ ہی کی سُپرماڈل کینڈل جینر 29 کروڑ 17 لاکھ فالوورز کے ساتھ رینکنگ میں پہلے نمبر پر ہیں۔
جیجی حدید کی ہمشیرہ بیلا حدید اس فہرست میں پانچویں نمبر پر ہیں۔
جورجینا روڈریگز نے یہ خبر انسٹاگرام پر اپنے فالوورز کے ساتھ شیئر کی، اور فہرست میں اپنے نام کا سکرین شاٹ پوسٹ کرتے ہوئے لکھا، ’شکریہ۔‘
جورجینا روڈریگِز نے 18 برس کی عمر میں میڈرڈ منتقل ہونے کے بعد اپنے پیشہ ورانہ سفر کا آغاز کیا اور ریٹیل کے شعبے میں کام کیا۔
انہوں نے معروف برینڈ گُوچی کے سٹور میں سیلز اسسٹنٹ کے طور پر خدمات انجام دیں جہاں بعد ازاں اُن کی ملاقات پرتگال کے فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو سے ہوئی۔
گذشتہ برسوں کے دوران انہوں نے ایک ماڈل اور انفلوئنسر کے طور پر اپنی شناخت بنائی،
اور امریکی برینڈ گیس (Guess)، اٹلی کی ریڈی ٹو ویئر کمپنی ’جینی‘ اور اطالوی لگژری جیولری ہاؤس ’پاسکوالے برونی‘ جیسے برینڈز کی تشہری مہم میں نظر آئیں۔

جیجی حدید کو 2016 میں برٹش فیشن کونسل کی جانب سے ’انٹرنیشنل ماڈل آف دی ایئر‘ کا اعزاز دیا گیا (فائل فوٹو: روئٹرز)

جورجینا روڈریگِز نے مونکلر اور سوئس فیشن لیبل ویٹیمانٹس کے لیے ریمپ پر واک بھی کی، اور بین الاقوامی میگزینز کے سرورق پر بھی نظر آئیں۔
جورجینا نے ’لوریئل‘ اور ’شارلٹ ٹلبری‘ سمیت کئی بڑے برینڈز کے ساتھ کام کیا، جبکہ علاقائی برینڈز امارا لینزز اور سعودی عرب کے پرفیوم ہاؤس ’لاورنے‘ کی برینڈ ایمبیسیڈر کے طور پر بھی شہرت پائی۔
حال ہی میں انہیں نیٹ فلکس کی ڈاکیومنٹری سیریز ’آئی ایم جورجینا‘ میں دیکھا گیا، جس کے ذریعے ناظرین کو اُن کی زندگی اور کیریئر سے متعلق جاننے کا موقع ملا۔
جیجی حدید کے ماڈلنگ کیریئر کا آغاز بچپن میں ہوا، جب وہ ’بیبی گیس‘ کی مہم میں نظر آئیں۔ بعد ازاں 2013 میں انہوں نے آئی ایم جی ماڈلز کے ساتھ بطور نوجوان ماڈل انڈسٹری میں کام کیا۔
انہوں نے 2014 میں نیویارک فیشن ویک میں کام کا آغاز کیا، اور اُس کے بعد سے مارک جیکبز، چینل، مائیکل کورس اور ورساشے سمیت کئی بڑے ڈیزائنرز کے لیے ریمپ پر واک کی اور مختلف تشہیری مہمات میں کام کیا۔
جیجی حدید کو 2016 میں برٹش فیشن کونسل کی جانب سے ’انٹرنیشنل ماڈل آف دی ایئر‘ کا اعزاز دیا گیا۔گذشتہ ایک دہائی کے دوران وہ دنیا کی سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی ماڈلز میں شامل رہی ہیں۔

شیئر: