وہ غذائیں جنہیں خالی پیٹ کھانے سے وزن کم ہو سکتا ہے
منگل 30 دسمبر 2025 22:27
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
دن کا آغاز بھگوئے ہوئے بادام یا آخروٹ سے کرنا وزن کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے (فائل فوٹو: پکسابے)
دن کی شروعات اگر درست غذاؤں سے کی جائے تو وزن کم کرنے کے سفر میں نمایاں مدد مل سکتی ہے۔
خالی پیٹ کچھ مخصوص غذائیں کھانے سے نہ صرف میٹابولزم تیز ہوتا ہے بلکہ بھوک پر قابو پانے اور جسم کو ضروری توانائی فراہم کرنے میں بھی مدد ملتی ہے۔
یہی وجہ ہے کہ ماہرین صحت صبح کے وقت درست خوراک لینے پر خاص زور دیتے ہیں۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق فٹنس ایکسپرٹ نیہا پریہار نے وزن کم کرنے کے خواہش مند افراد کے لیے ایسی پانچ غذاؤں کی نشاندہی کی ہے جو خالی پیٹ کھانے سے فائدہ دیتی ہیں۔
انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ایک پوسٹ میں انہوں نے لکھا کہ سال کے آخر میں وزن بڑھنے کی بڑی وجہ صرف ایک دن زیادہ کھانا نہیں ہوتا بلکہ غلط صبح کا آغاز، غیر ضروری خواہشات، توانائی کی کمی اور جسم میں چربی کا جمع ہونا ہوتا ہے۔
ان کے مطابق اگر مقصد تیزی سے چربی کم کرنا اور پیٹ کو فلیٹ بنانا ہے تو صبح خالی پیٹ یہ غذائیں شامل کرنی چاہییں۔
بھگوئے ہوئے بادام یا آخروٹ
نیہا پریہار کے مطابق دن کا آغاز بھگوئے ہوئے بادام یا آخروٹ سے کرنا وزن کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔
یہ غذائیں پروٹین، فائبر اور صحت مند فیٹس سے بھرپور ہوتی ہیں جو میٹابولزم کو بہتر بناتی ہیں۔ اس کے علاوہ یہ دیر تک توانائی فراہم کرتی ہیں اور دن کے آغاز میں غیر ضروری بھوک کو کم کرتی ہیں۔
آملے کا رس
خالی پیٹ بغیر چینی کے آملے کا رس پینا وزن کم کرنے کے لیے فائدہ مند سمجھا جاتا ہے۔
یہ نظامِ ہاضمہ کو بہتر بناتا ہے، میٹابولزم تیز کرتا ہے اور بھوک کو قابو میں رکھنے میں مدد فراہم کرتا ہے۔
برازیل نٹس
برازیل نٹس میں سیلینیم، پروٹین، فائبر اور صحت مند چکنائی پائی جاتی ہے جو جسم کو دیر تک توانا محسوس کراتی ہے۔
یہ تھائیرائیڈ کے افعال کو بہتر بنانے اور ہارمونز کو متوازن رکھنے میں بھی مددگار ہیں۔ انہیں پانی یا بھگوئے ہوئے بادام کے ساتھ استعمال کیا جا سکتا ہے۔
گرم پانی میں ہلدی اور کالی مرچ
خالی پیٹ ہلدی اور کالی مرچ ملا گرم پانی پینا ایک مقبول صحت بخش عادت ہے۔
ماہرین کے مطابق یہ مشروب میٹابولزم کو بہتر بناتا ہے اور صحت مند طرزِ زندگی کے ساتھ وزن کم کرنے میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔
چیا سیڈ کا رس
خالی پیٹ چیا سیڈ والا پانی پینا وزن کنٹرول کرنے کا ایک آسان طریقہ ہے۔ یہ براہِ راست چربی تو نہیں جلاتا تاہم بھوک کم کرنے اور ہاضمہ بہتر بنانے میں مدد دیتا ہے جس سے کیلوریز کم لینے میں آسانی ہوتی ہے۔
فٹنس کوچ نیہا پریہار کا کہنا ہے کہ اگر ان غذاؤں کو باقاعدگی سے اپنایا جائے، متوازن کھانے، گھر پر سادہ ورزش اور روزانہ خود احتسابی کے ساتھ، تو 30 سے 90 دن میں واضح نتائج حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
