Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

برطانیہ میں روس کے لیے جاسوسی کرنے کے الزام میں گرفتار امریکی فوجی افسر پر فردِ جرم عائد کرنے کی تیاری

لیفٹیننٹ کرنل برینڈن ٹائنر کے خلاف برطانوی حکام کی جانب سے اتوار یا پیر کو فردِ جرم عائد کیے جانے کی توقع ہے (فائل فوٹو: گیٹی)
روس کے لیے جاسوسی کرنے کے شبہے میں برطانیہ میں گرفتار ہونے والے امریکی فوج کے ایک افسر نے ماسکو کو کوئی خفیہ معلومات فراہم نہیں کی تھیں۔ ایک امریکی عہدیدار نے جمعرات کو بتایا کہ توقع ہے کہ آئندہ چند روز میں برطانیہ میں اِس افسر کے خلاف باقاعدہ فردِ جرم عائد کر دی جائے گی۔
امریکی عہدیدار کے مطابق، لیفٹیننٹ کرنل برینڈن ٹائنرکے خلاف برطانوی حکام کی جانب سے اتوار یا پیر کو فردِ جرم عائد کیے جانے کی توقع ہے۔ اِس کے بعد اسے امریکی فوجی نظامِ انصاف کے تحت مقدمے کا سامنا کرنا پڑے گا۔ عہدیدار نے واضح کیا کہ کوئی بھی معلومات روس کے ہاتھ نہیں لگیں۔
ایک دوسرے امریکی عہدیدار نے بھی برینڈن ٹائنر کے نام کی تصدیق کی اور بتایا کہ وہ اس سے قبل افغانستان، عراق اور قطر میں بھی تعینات رہ چکا ہے۔ دونوں امریکی عہدیداروں نے فوج سے متعلق حساس معاملات پر گفتگو کرنے کے لیے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بات کی۔

 

برینڈن ٹائنر فوج میں انسانی وسائل کے شعبے کا ایک سینئر افسر تھا اور اسے انگلینڈ میں گلوسٹر کے قریب واقع ایک فوجی اڈے پر نیٹو کے ایک یونٹ میں تعینات کیا گیا تھا۔ اِسے منگل کے روز ایک غیر ملکی انٹیلی جنس سروس کی معاونت کرنے اور محفوظ معلومات حاصل کرنے یا افشا کرنے کے شبہے میں گرفتار کیا گیا۔
میٹروپولیٹن پولیس نے رواں ہفتے اِس گرفتاری کا اعلان کیا تھا اور بتایا تھا کہ اِس کے اِنسدادِ دہشت گردی کے اہلکاروں نے ایف بی آئی اور امریکی فوج کے ساتھ قریبی تعاون کیا۔
روسی حکومت کے ترجمان دمتری پیسکوف نے امریکی فوجی افسر سے روس کے کسی بھی قسم کے تعلق کی تردید کی ہے۔
روسی خبر رساں اداروں کے مطابق، دمتری پیسکوف نے بدھ کے روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’اِس گرفتاری کا ہم سے کسی بھی طرح کا کوئی تعلق نہیں۔ ہمیں معلوم نہیں کہ اِس کا تعلق کس معاملے سے ہے۔ ہمارا اِس سے کوئی واسطہ نہیں اور نہ ہی اِس معاملے کا ہم سے کوئی تعلق ہے۔‘

پولیس نے واضح کیا ہے کہ اِس گرفتاری کا انسدادِ دہشت گردی کی دیگر تحقیقات سے کوئی تعلق نہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)

برینڈں ٹائنر گلوسٹر کے قریب واقع امجن بیرکس  میں نیٹو کی اتحادی ریپڈ ری ایکشن کور میں خدمات انجام دے رہا تھا۔ یہ نیٹو کے فوجی اتحاد کے تحت قائم ایک کثیرالقومی بری فوجی یونٹ ہے، جسے کسی ہنگامی صورتِ حال یا مختصر نوٹس پر شروع کیے جانے والے فوجی آپریشن میں فوری ردِعمل دینے کے لیے تشکیل دیا گیا ہے۔
اِس یونٹ کی ویب سائٹ کے مطابق، اِس میں 20 ممالک کی افواج شامل ہیں، تاہم اِس کی قیادت برطانیہ کے پاس ہے۔
پولیس نے واضح کیا ہے کہ اِس گرفتاری کا انسدادِ دہشت گردی کی دیگر تحقیقات سے کوئی تعلق نہیں۔ اِس بیان سے یہ اشارہ ملتا ہے کہ اس کا ستمبر میں گلوسٹر کے قریب برطانوی فضائی اڈے آر اے ایف فیئر فورڈ پر ایران سے منسلک مبینہ دہشت گردانہ منصوبے کی تحقیقات سے بھی کوئی واسطہ نہیں۔ یہ اڈا امریکی فوج کے زیرِ استعمال ہے۔

شیئر: