Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پہلے چلڈرن ’بُکر پرائز‘ کے لیے آٹھ کتابیں شارٹ لسٹ، کون سے مصنفین شامل؟

’بُکر پرائز‘ کے فاتح کا اعلان دو فروری کو کیا جائے گا (فائل فوٹو: گیٹی)
’بُکر پرائز‘ دینے والے ادارے ’بُکر پرائز فاؤنڈیشن‘ نے منگل کو بچوں کے ادب کے لیے متعارف کرائے گئے اپنے پہلے چلڈرن بُکر پرائز کی شارٹ لسٹ کا اعلان کر دیا ہے جس کے فاتح کا انتخاب آئندہ سال کیا جائے گا۔
خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق اس انعام کی مالیت 50 ہزار برطانوی پاؤنڈ ہے جو تقریباً 65 ہزار امریکی ڈالر مقرر کی گئی ہے، جو مرکزی بُکر پرائز کے برابر ہے۔ انعام یافتہ کتاب کا انتخاب سات رکنی جیوری کرے گی جس میں چار بچے بھی شامل ہوں گے۔
’بُکر پرائز فاؤنڈیشن‘ سنہ 1969 سے برطانیہ میں شائع ہونے والے انگریزی زبان کے نئے ادب کے لیے بُکر پرائز دیتی آ رہی ہے۔ اس ایوارڈ کے باعث جیتنے والی کتابیں عموماً بیسٹ سیلر فہرستوں میں جگہ بناتی ہیں۔
پہلے ’چلڈرن بُکر پرائز‘ کے لیے آٹھ کتابیں شارٹ لسٹ کی گئی ہیں، جن میں پانچ ناول، دو گرافک ناول اور مختصر کہانیوں کا ایک مجموعہ شامل ہے۔ یہ کتابیں آٹھ سے 12 سال کی عمر کے بچوں کے لیے لکھی گئی ہیں۔ جیوری نے تقریباً 100 کتابوں کا جائزہ لینے کے بعد شارٹ لسٹ مرتب کی۔
جیوری کے سربراہ، مصنف اور سکرین رائٹر فرینک کوٹریل بوائس کے مطابق شارٹ لسٹ میں شاندار گرافک ناولز، خوفناک اور تصویری مختصر کہانیوں کی کتاب، مزاحیہ کہانیوں اور وسیع موضوعات پر مبنی کتابیں شامل ہیں۔
انہوں نے زور دیا کہ ’انتخاب کا بنیادی معیار یہ تھا کہ کتاب حقیقی معنوں میں بچوں کے لیے لکھی گئی ہو۔‘
شارٹ لسٹ میں شامل کتابوں میں ’وار‘ بھی شامل ہے جو ایک گرافک ناول ہے اور ایک نامعلوم شہر میں تنازع سے متاثر ہونے والے بچوں کی کہانی بیان کرتا ہے۔ اس کتاب کا متن آئرلینڈ کے معروف مصنف ایون کولفر نے تحریر کیا ہے۔
اس کے علاوہ برطانوی آسکر نامزد اینی میشن ڈائریکٹر مائیکی پلیز کی مزاحیہ تصویری کتاب ’دی ریمبلرز کرس‘ بھی شارٹ لسٹ کا حصہ ہے۔
ایوارڈ کے فاتح کا اعلان دو فروری کو کیا جائے گا۔
بچوں پر مشتمل چاروں جیوری اراکین کی عمریں آٓٹھ سے 12 سال کے درمیان ہیں، جنہیں ملک گیر مقابلے کے ذریعے منتخب کیا گیا۔ اس مقابلے میں تقریباً چار ہزار بچوں نے درخواستیں جمع کرائی تھیں۔ فاتح کتاب کا انتخاب یہ چار بچے تین بالغ جیوری اراکین کے ساتھ مل کر کریں گے۔
انگلینڈ کے تعلق رکھنے والی آٹھ سالہ لونا بھی اس ایوارڈ کے لیے منتخب ہو گئی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں یہ بات پسند ہے کہ مطالعہ انسان کو مختلف جگہوں پر لے جاتا ہے اور ایسے احساسات سے روشناس کراتا ہے جن کا پہلے کبھی تجربہ نہیں ہوا ہوتا۔
وہ کہتی ہیں کہ وہ دوسرے بچوں کو بھی مطالعے کے ذریعے ایسے ہی احساسات سے روشناس کرانے کے ساتھ نئے لوگوں سے کتابوں پر گفتگو اور اس دوران سنیکس کھانے کی خواہش رکھتی ہیں۔
برطانیہ میں بچوں کے ادب کے لیے دیگر معروف ایوارڈز بھی موجود ہیں، جن میں کتابوں کے ریٹیلر واٹر سٹونز کی جانب سے دیا جانے والا ’واٹر سٹونز چلڈرن بُک پرائز‘ اور لائبریرینز کی جانب سے منتخب کیا جانے والا ’کارنیگی ایوارڈز‘ شامل ہیں۔

شیئر: