سویڈن کا شہریت کے قوانین مزید سخت کرنے کا منصوبہ، نئی شرائط کیا ہوں گی؟
سویڈن کا شہریت کے قوانین مزید سخت کرنے کا منصوبہ، نئی شرائط کیا ہوں گی؟
پیر 9 فروری 2026 16:06
مائیگریشن کے وزیر نے صحافیوں کو بتایا کہ اس وقت سویڈش شہریت حاصل کرنا بہت آسان ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
سویڈن نے کہا ہے کہ اس نے شہریت کے حصول کے متلاشی افراد کے لیے قوانین کو مزید سخت کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔
نئی مجوزہ شرائط میں ’دینتدارانہ زندگی‘ اور مالی ضروریات، زبان اور عمومی علم کا امتحان متعارف کرایا جائے گا جبکہ شہریت سے قبل سویڈن میں رہائش کی شرط کو پانچ سے آٹھ سال تک بڑھایا جائے گا۔
اگر پارلیمنٹ سے منظوری مل جاتی ہے تو نئے قوانین 6 جون کو سویڈن کی قومی تعطیل کے دن سے لاگو ہوں گے، اور اُن درخواستوں پر بھی لاگو ہوں گے جو اس وقت زیرِغور ہیں۔
مائیگریشن کے وزیر جوہان فورسل نے صحافیوں کو بتایا کہ اس وقت سویڈش شہریت حاصل کرنا بہت آسان ہے۔ سویڈن میں دائیں بازو کی جماعت کی حکومت ہے جس کو انتہائی دائیں بازو کی جماعت سویڈن ڈیموکریٹس کی حمایت حاصل ہے،
وزیر جوہان فورسل نے کہا کہ شہریت کا مطلب اس وقت لاگو قوانین کی شرائط سے کہیں زیادہ ہونا چاہیے۔
’فخر اُس وقت ہوتا ہے جب آپ محسوس کرتے ہیں کہ آپ نے کسی چیز کے لیے سخت محنت کی ہے۔ لیکن صرف محنت کرنا ایسی چیز نہیں جو شہریت کے حصول کی خصوصیات کا حامل ہو۔‘
اُن کا کہنا تھا کہ اس وقت صرف ’پانچ سال کی رہائش کے بعد اور مقامی زبان کا ایک لفظ جانے بغیر، ہمارے معاشرے کے بارے میں کچھ جانے بغیر، اور اپنی کوئی آمدنی بنائے بغیر شہریت کا حصول ممکن ہے۔‘
حال ہی میں میڈیا کی سرخیوں میں آنے والے ایک کیس کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’آپ قتل کے الزام میں حراست میں ہوتے ہوئے بھی ایک دن شہری بن سکتے ہیں۔‘
امیگریشن کے وزیر نے کہا کہ ’یہ واضح طور پر اور مکمل طور پر اُن افراد کو غلط پیغام دیتا ہے جو درست طریقے سے کرتے ہیں اور جو پہلے سے شہری ہیں۔‘
سنہ 2015 میں سویڈن میں مہاجرین کی بڑی آمد کے بحران کے بعد یکے بعد دیگرے بائیں بازو اور دائیں بازو کی حکومتوں نے پناہ گزینوں کے لیے قوانین کو سخت کر دیا ہے۔
سویڈن میں برسوں سے تارکین وطن کو معاشرے میں ضم کرنے کے لیے جدوجہد جاری ہے۔ بہت سے پناہ گزین مقامی زبان نہیں سیکھ رہے اور پسماندہ علاقوں میں رہائش پذیر ہیں جہاں جرائم اور بے روزگاری کی شرح زیادہ ہے۔
شہریت کی درخواست دینے والوں کی ماہانہ آمدن دو ہزار 225 امریکی ڈالر کے لگ بھگ ہونا چاہیے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
نئے قوانین کے تحت جن لوگوں کا اپنے آبائی ملک یا سویڈن میں مجرمانہ ریکارڈ ہے، اور ایسے افراد جنہوں نے اپنی سزا کاٹ لی ہے، انہیں شہریت کے لیے درخواست دینے سے پہلے 17 سال تک انتظار کرنا پڑے گا۔ اس وقت کے قانون میں یہ مدت 10 سال ہے۔
اس کے علاوہ وہ لوگ جن کے بارے میں حکام سمجھتے ہیں کہ وہ ’دیانتدارانہ زندگی‘ گزارنے کے تقاضوں پر عمل نہیں کرتے انہیں شہریت نہیں دی جائے گی۔
اس میں وہ لوگ شامل ہیں جو مستقبل قرض لیتے ہیں، جن کے بارے میں عدالتوں نے احکامات جاری کیے ہوں، یا یہاں تک کہ وہ لوگ جو منشیات کی لت میں مبتلا ہوں۔
شہریت کی درخواست دینے والوں کی ماہانہ آمدن دو ہزار 225 امریکی ڈالر کے لگ بھگ ہونا چاہیے۔