Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

زکربرگ کی نظریں بھی ’بلینیئر بنکر‘ پر، ارب پتی شخصیات کی یہ محفوظ پناہ گاہ کیا ہے؟

’بلینیئر بنکر‘ صرف 41 پلاٹس پر مشتمل ہے۔ (فوٹو: میمامی ایم ایل ایس)
امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ’میٹا‘ کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ نے امریکہ کے سب سے مہنگے اور محفوظ سمجھے جانے والے رہائشی علاقوں میں سے ایک ’انڈین کریک آئی لینڈ میں نئی لگژری پراپرٹی خرید لی ہے‘۔
فارچیون میگزین کے مطابق یہ ایک جزیرہ ہے جسے عام طور پر ’بلینیئر بنکر‘ کے نام سے جانا جاتا ہے اور یہ بااثر اور ارب پتی شخصیات کی پسندیدہ رہائش گاہ بنتا جا رہا ہے۔
رپورٹس کے مطابق مارک زکربرگ اور ان کی اہلیہ پرسِیلا چان نے انڈین کریک آئی لینڈ روڈ پر واقع ایک عالیشان گھر خریدا ہے جس کے سامنے سمندر کا نظارہ ہے۔
اس پراپرٹی کی قیمت ایک سو 50 سے دو سو ملین ڈالر کے درمیان بتائی جا رہی ہے جبکہ جزیرے پر گھروں کی ابتدائی قیمت تقریباً 60 ملین ڈالر سے شروع ہوتی ہے۔ اس جزیرے کی قیمت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ یہاں خالی پلاٹس بھی 100 ملین (10 کروڑ) ڈالر سے زائد میں فروخت ہو چکے ہیں۔
بتایا جاتا ہے کہ مارک زکربرگ کی مبینہ نئی رہائش گاہ جزیرے کے مغربی حصے میں واقع ہے جہاں پلاٹس کا رقبہ تقریباً 80 ہزار سکوائر فٹ تک ہوتا ہے اور بسکین بے کا کھلا نظارہ میسر آتا ہے۔ اسی حصے میں ایمیزون کے بانی جیف بیزوس بھی دو پلاٹس کے مالک ہیں۔
جیف بیزوس نے سنہ2023 میں سیئٹل چھوڑ کر فلوریڈا منتقل ہونے کے بعد ’انڈین کریک آئی لینڈ‘ پر متعدد جائیدادیں خریدیں تھیں۔ انہوں نے پہلے 68 ملین ڈالر اور بعد ازاں 79 ملین ڈالر کی پراپرٹیز خرید کر انہیں ایک بڑے کمپاؤنڈ میں ضم کرنے کا منصوبہ بنایا۔ وہ اس وقت بھی اسی جزیرے پر ایک اور 87 ملین ڈالر مالیت کی رہائش گاہ کے بھی مالک ہیں۔
مارک زکربرگ کی یہ ممکنہ خریداری ایسے وقت سامنے آئی ہے جب کیلیفورنیا میں ارب پتی افراد پر مجوزہ پانچ فیصد یک وقتی ٹیکس کی تجویز زیر بحث ہے تاہم وہ بدستور کیلیفورنیا میں بھی سرمایہ کاری جاری رکھے ہوئے ہیں۔

مارک زکربرگ کا گھر جزیرے کے مغربی حصے میں واقع ہے (فوٹو: پلینٹ لیبز)

میامی کی یہ پراپرٹی مارک زکربرگ کے وسیع رئیل اسٹیٹ پورٹ فولیو میں تازہ اضافہ ہے۔ وہ کیلیفورنیا کے پالو آلٹو میں متعدد گھروں، ہوائی کے جزیرے کاؤئی میں ہزاروں ایکڑ پر مشتمل پراپرٹی، لیک ٹاہو میں ماؤنٹین کمپاؤنڈ اور واشنگٹن ڈی سی میں 23 ملین ڈالر کے مینشن کے بھی مالک ہیں۔

’بلینیئر بنکر‘ کیا ہے؟

’بلینیئر بنکر‘ دراصل ’انڈین کریک ولیج‘ کا غیر رسمی نام ہے جو میامی ڈیڈ کاؤنٹی میں واقع تقریباً تین سو ایکڑ پر مشتمل ایک مصنوعی جزیرہ ہے۔ یہاں صرف 41 پلاٹس اور محدود تعداد میں رہائشی موجود ہیں۔
جزیرے تک رسائی ایک ہی گیٹڈ پل کے ذریعے ممکن ہے جبکہ نجی پولیس فورس 24 گھنٹے کشتیوں اور گاڑیوں کے ذریعے یہاں گشت کرتی ہے۔ جزیرے کے وسط میں 18 ہولز پر مشتمل نجی گالف کورس اور کنٹری کلب بھی موجود ہے جس کی ممبرشپ نہایت محدود اور مہنگی ہے۔ سخت سیکیورٹی، مکمل پرائیویسی اور کروڑوں ڈالر مالیت کی پراپرٹیز کی وجہ سے اسے ’بلینیئر بنکر‘ کہا جاتا ہے۔
یوں ’انڈین کریک آئی لینڈ‘، یا ’بلینیئر بنکر‘ تیزی سے دنیا کے امیر ترین افراد کے لیے محفوظ اور پرتعیش مسکن بنتا جا رہا ہے۔

شیئر: