Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا: بچے کو منہ میں اٹھائے کتے کی ویڈیو وائرل، ہسپتال میں نومولود کی تلاش جاری

انڈیا میں ہسپتال کے احاطے میں نومولود کو منہ میں اٹھائے کتے کی ویڈیو وائرل ہونے پر تلاش شروع کر دی گئی۔ (فوٹو:ویڈیو گریب)
انڈیا کی ریاست جھارکھنڈ کے ایک ہسپتال سے ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں ایک کتے کو منہ میں نومولود بچے کو اٹھا کر لے جاتے دیکھا گیا۔ ویڈیو منظرعام پر آنے کے بعد انتظامیہ نے بچے کی تلاش شروع کر دی ہے۔
انڈیا ٹوڈے کے مطابق واقعہ ضلع پلامو کے میدنی رائے میڈیکل کالج اینڈ ہسپتال میں پیش آنے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔ منگل کو ہسپتال میں تلاش کے باوجود نومولود کا سراغ نہیں مل سکا۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں ایک آوارہ کتا منہ میں نومولود بچے جیسی دکھائی دینے والی چیز اٹھائے بھاگتا نظر آتا ہے۔
انڈین خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق ڈپٹی کمشنر دلیپ پرتاپ سنگھ شیکھاوت نے بتایا کہ انتظامیہ نے ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ 
ڈپٹی کمشنر کے مطابق ہسپتال کے پوسٹ مارٹم ہاؤس کے اطراف اور قریبی جھاڑیوں سمیت مختلف مقامات کی تلاشی لی گئی۔ 
ابتدائی تلاش کے بعد ڈپٹی کمشنر نے سب ڈویژنل افسر کو ہدایت کی کہ وہ ہسپتال کے سربراہ، مقامی تھانے کے انچارج اور میدنی نگر میونسپل کارپوریشن کی ٹیم کے ساتھ رابطہ کرکے بچے کی تلاش کا عمل مزید تیز کریں۔
انتظامیہ کو پوسٹ مارٹم ہاؤس کے اطراف نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج کا جائزہ لینے، پولیس کے ڈاگ سکواڈ کو تعینات کرنے اور مقامی طبی کارکنوں، رہائشیوں اور وہاں سے گزرنے والے افراد سے معلومات حاصل کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے تاکہ واقعے کے حقائق سامنے آ سکیں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ انتظامیہ کی اولین ترجیح نومولود کو تلاش کرنا، واقعے کی حقیقت کی تصدیق کرنا اور کسی بھی ممکنہ غفلت کی نشاندہی کرکے ذمہ داروں کا تعین کرنا ہے تاکہ قانون کے مطابق کارروائی کی جا سکے۔
انتظامیہ کے مطابق بچے اور کتے کی تلاش جاری ہے، جبکہ حکام ویڈیو کی تصدیق اور واقعے میں ممکنہ غفلت کی تحقیقات کر رہے ہیں۔

شیئر: