بجلی کے پروٹیکٹڈ اور نان پروٹیکٹڈ صارفین پر فکسڈ چارجز، بلوں میں کتنا اضافہ ہو گا؟
بجلی کے پروٹیکٹڈ اور نان پروٹیکٹڈ صارفین پر فکسڈ چارجز، بلوں میں کتنا اضافہ ہو گا؟
جمعرات 12 فروری 2026 17:35
صالح سفیر عباسی، اسلام آباد
ماہانہ 100 یونٹ استعمال کرنے والے نان پروٹیکٹڈ صارفین پر 275 روپے فکسڈ چارجز عائد کیے گئے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
رواں ہفتے پاکستانی بجلی صارفین کے لیے پریشان کن خبریں سامنے آئیں جو ان کے ماہانہ بل بڑھا کر براہِ راست مالی بوجھ ڈال رہی ہیں۔
نیپرا کی جانب سے پہلے سولر صارفین کے لیے نیٹ بلنگ کا نظام نافذ کیا گیا جبکہ اب پروٹیکٹد اور نان پروٹیکٹڈ گھریلو صارفین پر فکسڈ چارجز بھی عائد کر دیے گئے ہیں یعنی اب انہیں ماہانہ بل میں اضافی رقم (فکسڈ چارجز) ادا کرنا ہو گی۔
اردو نیوز کو دستیاب نیپرا کے فیصلے کی دستاویز کے مطابق پہلی مرتبہ 300 یونٹ تک استعمال کرنے والے پروٹیکٹڈ اور نان پروٹیکٹڈ دونوں صارفین پر فکسڈ چارجز عائد ہوئے ہیں۔
نیپرا کے فیصلے میں بتایا گیا ہے کہ ’ماہانہ 100 یونٹ استعمال کرنے والے پروٹیکٹڈ صارفین کو 200 روپے جبکہ 200 یونٹس تک استعمال کرنے والے صارفین کو ماہانہ 300 روپے تک فکسڈ چارجز ادا کرنا ہوں گے۔‘
اسی طرح ماہانہ 100 یونٹ استعمال کرنے والے نان پروٹیکٹڈ صارفین پر 275 روپے تک فکسڈ چارجز عائد کیے گئے ہیں جبکہ 200 یونٹ تک کے نان پروٹیکٹڈ صارفین پر 300 روپے تک فکسڈ چارجز عائد ہوئے ہیں۔
نیپرا کے نوٹیفکیشن کے مطابق ماہانہ 300 یونٹ تک استعمال کرنے والے نان پروٹیکٹڈ صارفین پر 350 روپے اور 400 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے نان پروٹیکٹڈ صارفین پر 200 روپے کے اضافے کے بعد 400 روپے فکسڈ چارجز عائد ہوئے ہیں۔
ماہانہ 500 یونٹ استعمال کرنے والے بجلی صارفین کی بات کی جائے تو ان کے لیے فکسڈ چارجز میں 100 روپے کے اضافے کے بعد یہ رقم 500 روپے کر دی گئی ہے، جبکہ 600 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کے فکسڈ چارجز میں 75 روپے کے اضافے کے بعد یہ رقم 675 روپے ہو گئے ہیں۔
نیپرا نے زیادہ یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کے لیے فکسڈ چارجز میں کمی بھی کی ہے۔ فیصلے کے مطابق ماہانہ 700 یونٹ تک بجلی کے استعمال پر فکسڈ چارجز میں 125 روپے کی کمی کی گئی ہے اور اب یہ چارجز 675 روپے کر دیے گئے ہیں، جبکہ 700 یونٹ سے زائد بجلی استعمال کرنے پر فکسڈ چارجز میں 325 روپے کی کمی سے یہ بھی 675 روپے کر دیے گئے ہیں۔
ان اقدامات کے بعد حکومت نے مجموعی طور پر گھریلو بجلی صارفین پر 132 ارب روپے کے فکسڈ چارجز عائد کیے ہیں، جبکہ دوسری جانب صنعتی ٹیرف میں 4 روپے 58 پیسے فی یونٹ تک کمی کی گئی ہے۔
نیپرا نے زیادہ یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کے لیے فکسڈ چارجز میں کمی بھی کی ہے۔ فائل فوٹو: اے ایف پی
توانائی کے ماہرین کا کہنا ہے کہ ’حکومت ایک طرف صنعتوں کے لیے بجلی سستی کر رہی ہے، تو دوسری جانب گھریلو صارفین پر فکسڈ چارجز عائد کرنا ان پر مالی بوجھ بڑھانے کے مترادف ہے۔‘
وہ سمجھتے ہیں کہ ’حکومت نے پروٹیکٹڈ صارفین پر خاص طور پر فکسڈ چارجز عائد کر کے ایک نئی مثال قائم کی ہے، یعنی اب ملک میں پروٹیکٹڈ صارفین بھی بجلی پر عائد مختلف ٹیکسز اور چارجز کے دائرہ کار میں آئیں گے۔‘
تاہم یہ واضح رہے کہ نیپرا نے لائف لائن صارفین، یعنی ماہانہ 100 یونٹ استعمال کرنے والے بجلی صارفین پر فکسڈ چارجز عائد نہیں کیے۔