الیکشن میں کامیابی پر پاکستان، امریکہ اور انڈیا کی بی این پی قیادت کو مبارکباد
وزیراعظم شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری کے علاوہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور انڈین وزیراعظم نریندر مودی نے بھی طارق رحمان کو مبارک باد دی ہے (فوٹو: ریڈیو پاکستان)
بنگلہ دیش کے انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والی بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کی قیادت کو امریکہ، انڈیا اور پاکستان کے حکام نے مبارک باد دی ہے۔
جمعے کو جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور صدر آصف علی زرداری نے بی این پی کے قائد طارق رحمان کو مبارک باد کے پیغامات بھجوائے ہیں اور امید ظاہر کی ہے کہ ملک میں استحکام آئے گا۔
اسی طرح غیرملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق امریکہ اور انڈیا نے بھی انہیں مبارک باد دی ہے اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور انڈین وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، پاکستان کے صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور انڈین وزیراعظم نریندر مودی نے بی این پی کے قائد طارق رحمان کو مبارک باد دیتے ہوئے امید ظاہر ہے کہ ملک میں استحکام آئے گا۔
بنگلہ دیش میں جی زی کی جانب سے چلائی گئی احتجاج لہر کے بعد جمعرات کو پہلی بار انتخابات کا انعقاد ہوا۔
اس احتجاجی لہر کے نیتجے میں سابق وزیراعظم شیخ حسینہ واجد کی حکومت کا خاتمہ ہو گیا تھا اور وہ پڑوسی ملک انڈیا فرار ہو گئی تھیں، جس کے بعد سے دونوں ممالک کے تعلقات میں تناؤ پایا جاتا ہے۔
جمعے کی صبح سامنے آنے والے نتائج کے مطابق
بی این پی اور اتحادیوں نے کُل 300 نشستوں میں سے 209 جیت لی ہیں اور قومی اسمبلی کے لیے دو تہائی اکثریت حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔
اسی طرح حریف جماعت اسلامی کے حصے میں 68 نشستیں آئی ہیں جبکہ نیشنل سٹیزن پارٹی صرف پانچ سیٹیں جیت پائی ہے۔
عالمی مبصرین کا خیال اس الیکشن کے بعد ملک کی صورت حال میں استحکام آنے کی توقع ہے۔
بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے سربراہ نوبیل انعام یافتہ ڈاکٹر محمد یونس نے ووٹ ڈالنے کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں انتخابات کو ’ڈراؤنے خواب کے خاتمے اور ایک نے سپنے کا آغاز‘ قرار دیا تھا۔
