صوبہ بلوچستان کے مختلف اضلاع میں زلزلے کے شدید جھٹکے، ’گہرائی 13 کلومیٹر تھی‘
جمعہ 13 فروری 2026 11:37
زین الدین احمد -اردو نیوز، کوئٹہ
بلوچستان کے اضلاع جھل مگسی، جعفرآباد، اوستہ محمد اور خضدار میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گیے جس سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور وہ گھروں سے باہر نکل آئے۔
زلزلہ پیما مرکز اسلام آباد کے مطابق جمعے کی صبح 11 بج کر 30 منٹ پر آنے والے زلزلے کی شدت ریکٹر سکیل پر 5.6 ریکارڈ کی گئی اور اس کی زیرِ زمین گہرائی 13 کلومیٹر تھی۔
زلزلے کا مرکز خضدار سے 86 کلومیٹر دُور جھل مگسی کے قریب تھا۔
زلزلے کے جھٹکے شہداد کوٹ سمیت خضدار اور جھل مگسی سے متصل سندھ کے علاقوں میں بھی محسوس کیے گئے۔
پی ڈی ایم اے کنٹرول روم کے مطابق بلوچستان میں زلزلے سے کسی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق خضدار اور گردونواح میں صبح سے اب تک زلزلے کے تین جھٹکے محسوس کیے جا چکے ہیں، باقی دو زلزلوں کی شدت 3.4 اور 3.8 ریکارڈ کی گئی۔
