زائرین کو رہائش خدمات کی خلا ف ورزی، دو عمرہ کمپنیوں کے لائسنس معطل
خلاف ورزیوں کو دوبارہ روکنے کے لیے ضوابط کے مطابق اقدامات کیے گئے(فوٹو: اخبار 24)
سعودی وزارت حج وعمرہ نے سنیچر کو زائرین کو رہائش خدمات کی خلاف ورزی پر دو عمرہ کمپنیوں کے لائسنس معطل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اخبار 24 کے مطابق وزارت نے بیان میں کہا ’خلاف ورزی کی نشاندہی کے بعد منظور شدہ کنٹریکٹ پروگرام کے مطابق زائرین کو رہائش کی خدمات کی فراہمی میں ناکامی پرعمرہ کمپنیوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔‘
فوری طور پر تمام متاثرہ زائرین کو رہائش فراہم کی گئی، زائرین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانے اور اس طرح کی خلاف ورزیوں کو دوبارہ روکنے کے لیے ضوابط کے مطابق اقدامات کیے گئے۔‘
وزارت کا کہنا ہے ’مصری وزارت سیاحت کے تعاون سے ان دونوں کمپنیوں کے ساتھ معاہدہ کرنے والے غیرملکی ایجنٹوں کے خلاف بھی قانونی کارروائی کی جائے گی۔‘
یاد رہے وزارتِ حج کی جانب سے عمرہ سیزن کے لیے زائرین کو خدمات فراہم کرنے والی کمپنیوں کو اس امر کا پابند کیا ہے کہ وہ رہائش اور ٹرانسپورٹ کے حوالے سے مقررہ معیار کی پابندی کریں۔
وزارت نے قوانین پرعمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے تفتیشی کمیٹیاں مقرر کی ہیں جو عمرہ زائرین کو فراہم کی جانے والی رہائشی و دیگر خدمات کا جائزہ لیتی ہیں۔
عمرہ زائرین کے لیے مقررہ معیار کی رہائش اور ٹرانسپورٹ کے علاوہ دیگر سہولتوں کی عدم فراہمی پر وزارت سخت کارروائی کرنے کی مجاز ہے جس میں کمپنی کا لائسنس معطل کرکے ان پر جرمانے کیے جاتے ہیں۔
