Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حکومتی وفد کی بلاول بھٹو سے ملاقات، پارلیمنٹ کے اجلاس اور ممکنہ قانون سازی پر تبادلہ خیال

حکومتی وفد میں سپیکر قومی اسمبلی اور وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری شامل تھے۔( فوٹو: ایکس اکاؤنٹ)
نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سنیچر کو اسلام آباد میں قومی اسمبلی کے سپیکر اور وفاقی وزرا کے ہمراہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کی ہے۔
پیپلزپارٹی کے میڈیا سیل کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بلاول بھٹو زرداری اور حکومتی وفد نے پارلیمنٹ کے آئندہ اجلاس اور ممکنہ قانون سازی کے ایجنڈے پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار سے یہ بھی کہا کہ وہ مولانا فضل الرحمن کی رہائش پر چھاپے اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ کیے جانے والے سلوک کے معاملے کو بھی ذاتی طور پر دیکھیں۔
حکومتی وفد میں سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق، وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری اور وزیر مملکت بلال اظہر کیانی شامل تھے۔
پیپلز پارٹی کی جانب سے ملاقت میں سینیٹر شیری رحمان اور رکن قومی اسمبلی نوید قمر چیئرمین پیپلزپارٹی کے ساتھ موجود تھے۔
وفاقی وزیر طارق فضل چوہدری نے ایکس اکاؤنٹ پر پوسٹ میں لکھا ’نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار  کی سربراہی میں وفد نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلا ول بھٹو زرداری سے ملاقات کی جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر بات چیت کی گئی۔‘
علاوہ ازیں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سنیچر کو جے یوآئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمن سے بھی ٹیلی فون پر بات چیت کی۔
مولانا فضل الرحمن نے چیئرمین پیپلز پارٹی کو اسلام آباد میں اپنی رہائش سیل کیے جانے کے واقعے سے آگاہ کیا اور بتایا کہ ان کے بیٹے کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ خواتین کو مبینہ طور پر ہراساں کیا گیا۔
بلاول بھٹو نے مولانا فضل الرحمن کی رہائش کو سیل کیے جانے اور اہل خانہ کو ہراساں کیے جانے کی مذمت کی۔
یاد رہے کہ حکومتی وفد کی پیپلز پارٹی کے چیئرمین سے ملاقات ایسے وقت ہوئی ہے جب ملک میں نئے صوبوں کے قیام کے لیے ریفرنڈم کرانے کی تجویز سامنے آئی ہے۔
پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ آصف نے حال ہی میں ایک ٹی وی انٹرویو میں کہا تھا کہ آئندہ سال کے اوائل میں نئے صوبوں کے قیام سے متعلق ریفرنڈم کی جانب پیش رفت کر سکتا ہے اور جنوری کے پہلے ہفتے کا ہدف ’حقیقت سے زیادہ دور نہیں‘ ہے۔
 اس تجویز نے پاکستان کی سیاسی جماعتوں میں حمایت اور مخالفت دونوں کو جنم دیا ہے۔ پاکستان میں اس وقت چار صوبے ہیں، اور مزید صوبوں کے حامیوں کا مؤقف ہے کہ چھوٹے انتظامی یونٹس عوامی خدمات کی فراہمی کو بہتر بنا سکتے ہیں۔
تاہم پاکستان پیپلز پارٹی، جو سندھ میں حکومت کرتی ہے اور وزیراعظم شہباز شریف کی حکومت کی ایک اہم اتحادی ہے، صوبے کی تقسیم کی کسی بھی کوشش کی سخت مخالف ہے۔

 

شیئر: