’ریڈ سی‘ سیاحتی مقام کی عالمی سطح پر کامیابی، فوربس ٹریول گائڈ کی منظوری
’ریڈ سی‘ سیاحتی مقام کی عالمی سطح پر کامیابی، فوربس ٹریول گائڈ کی منظوری
جمعہ 13 فروری 2026 20:39
ریڈ سی انٹرنیشنل کمپنی کے منصوبے ’ریڈ سی‘ نے عالمی لگژری سیاحت کے حوالے سے نمایاں کامیابی حاصل کر لی ہے۔
بحیرہ احمر سیاحتی مقام کو عالمی سطح پر پہلا سیاحتی مقام قراردیا گیا ہے جسے فوربس ٹریول گائڈ کی جانب سے باقاعدہ طور پر منظوری دی گئی ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ریڈ سی انٹرنیشنل کمپنی کے سی ای او کا کہنا ہے کہ حقیقت میں لگژری صرف خوبصورت مقامات تک محدود نہیں ہوتی بلکہ وہ احساسات ہیں جو مہمان اپنے پورے سفر کے دوران محسوس کرتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ فوربس ٹریول گائڈ کی جانب سے مکمل سیاحتی منزل کے طورپر منظوری کا ملنا یہاں درحقیقت مہمانوں اور سیاحوں کو فراہم کی جانے والی معیاری خدمات کا واضح ثبوت ہے۔
دوسری جانب فوربس ٹریول گائڈ کے سی ای او ہیرمین نے اس کامیابی کو سراہتے ہوئے اسے عالمی مہمان نوازی کے حوالے سے ایک سنگ میل قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک مکمل سیاحتی منزل میں ہرمرحلے پر اعلی معیار برقرار رکھنا غیرمعمولی عزم کا متقاضی ہوتا ہے اور ریڈ سی نے عالمی سیاحتی مقامات کے لیے ایک نیا و منفرد معیار قائم کیا ہے۔
خیال رہے فوربس ٹریول گائیڈ کی درجہ غیرجانبدار اور سخت معیارات پر مبنی ہوتی ہے، جس میں نہ صرف سہولیات کے معیار کو پرکھا جاتا ہے بلکہ وہ غیرمحسوس عناصر بھی شامل ہیں جو مہمانوں کے تجربے کو منفرد بناتے ہیں۔
سیاحتی مقامات کی درجہ بندی کے لیے سخت معیار مقرر ہیں (فوٹو: ایکس )
ریڈ سی کو یہ اعزاز ایک سالہ سخت جائزے کے بعد دیا گیا ہے جس میں محض ہوٹل کی عمارت نہیں بلکہ مہمان کے پورے سفر کی تفصیلات کا جائزہ لیا جاتا ہے، جن میں بکنگ، فضائی، زمینی اور بحری نقل و حمل، اور سیاحتی تجربات کا باریک بینی سے تجزیہ شامل ہے۔