مغربی کنارے سے متعلق اسرائیل کا فیصلہ امن اور استحکام کیلئے نقصاندہ ہے: سعودی وزارت خارجہ
وزارت نے کہا کہ فلسطینی علاقوں پر اسرائیل کا کوئی حق نہیں ہے اور یہ اقدام دو ریاستی حل کو کمزور کر رہا ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
سعودی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے مغربی کنارے کے بعض حصوں پر کنٹرول سنبھالنے کا فیصلہ امن اور استحکام کے حصول کی کوششوں کو نقصان پہنچائے گا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں سعودی وزارتِ خارجہ نے کہا کہ ’سعودی عرب اسرائیلی قابض حکام کے اس فیصلے کی مذمت کرتی ہے جس کے تحت مغربی کنارے کو ’ریاستی اراضی‘ کا نام دے کر اسے قابض حکام سے منسلک کیا جا رہا ہے۔ یہ اقدام مقبوضہ مغربی کنارے میں ایک نئی قانونی اور انتظامی حقیقت مسلط کرنے کے منصوبوں کا حصہ ہے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے جاری کوششوں کو نقصان پہنچائے گا۔‘
وزارت نے کہا کہ فلسطینی علاقوں پر اسرائیل کا کوئی حق نہیں ہے اور یہ اقدام دو ریاستی حل کو کمزور کر رہا ہے۔ بیان میں ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے لیے مملکت کی حمایت کا اعادہ بھی کیا گیا۔
اتوار کے روز اسرائیلی کابینہ نے مقبوضہ مغربی کنارے پر اسرائیل کے کنٹرول کو مزید سخت کرنے اور آبادکاروں کے لیے زمین خریدنا آسان بنانے کے اقدامات کی منظوری دی۔
فلسطینیوں نے اس اقدام کو ’عملی طور پر الحاق‘ قرار دیا ہے۔ اس فیصلے پر قطر، مصر اور اردن سمیت متعدد عرب ممالک نے شدید تنقید کی ہے۔
