Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

باجوڑ میں چیک پوسٹ پر حملہ، 12 شدت پسند ہلاک، 11 اہلکار جان سے گئے: آئی ایس پی آر

بیان کے مطابق آپریشن عزم استحکام کے تحت دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے باجوڑ میں چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کو ناکام بناتے ہوئے 12 فتنہ الخوارج کو ہلاک کر دیا جبکہ دہشت گردوں کی جانب سے کیے گئے دھماکے میں 11 سکیورٹی اہلکار جان سے گئے۔
منگل کو پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ’پیر کو باجوڑ میں ایک چیک پوسٹ پر انڈین پراکسی فتنہ الخوارج نے بزدلانہ دہشت گرد حملے کی کوشش کی، جس کو ناکام بناتے ہوئے 12 خوارج کو ہلاک کیا گیا۔’
بیان میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ’انڈین پراکسی فتنۃ الخوارج نے چیک پوسٹ کی سکیورٹی کو توڑنے کی کوشش کی تاہم اس ان کے مذموم عزائم کو سکیورٹی فورسز کے چوکس جوانوں نے تیزی کے ساتھ ناکام بنایا۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ’فرار ہونے والے حملہ آوروں نے مایوسی کے عالم میں بارود سے بھری گاڑی کو دیوار کے ساتھ ٹکرا دیا، جس سے چیک پوسٹ کا ڈھانچہ منہدم ہو گیا اور اس کے نتیجے میں 11 سکیورٹی اہلکار شہید ہو گئے۔‘
آئی ایس پی آر کا یہ بھی کہنا تھا کہ ’دھماکے کی وجہ سے قریبی رہائشی مقامات کو بھی نقصان پہنچا، جس کے نتیجے میں ایک بچی شہید اور خواتین و بچوں سمیت سات افراد زخمی ہوئے۔‘
بیان کے مطابق ’آپریشن عزم استحکام جس کی منظوری نیشنل ایکشن پلان کے تحت وفاقی سپریم کمیٹی دے چکی ہے، کے تحت دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں کی جا رہی ہیں تاکہ علاقے کو انڈین سپانسرڈ خارجیوں سے پاک کیا جا سکے۔ ہمارے بہادر سپاہیوں اور معصوم شہریوں کی قربانیوں سے اپنی قوم کی حفاظت کے غیرمتزلزل عزم کو تقویت ملتی ہے۔‘

 

شیئر: