مدینہ کی گلیاں اور بازار رمضان کی تیاریوں میں مصروف
رمضان سے قبل مدینہ میں خصوصی انتظامات، مدینہ شہر کی مارکیٹیں اور گلیاں و بازار مکمل نظم و ضبط اور سجاوٹ کے انتظامات بہتر بناتے ہوئے رمضان کے ماہِ مقدس کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق اس انیشیٹیو کا مقصد صارفین کے لیے خریداری کا ایسا ماحول پیدا کرنا ہے جس میں سال کے اس انتہائی مصروف سیزن میں رمضان کے مقدس مہینے سے منسلک روحانیت کے اظہار کی جھلک نظر آتی ہو۔
ماہِ صیام کے لیے مارکیٹیوں میں اور شاہراؤں پر عام صورتِ حال سے زیادہ تیاریاں نظر آنی شروع ہو گئی ہیں۔ ساتھ ساتھ سڑکوں پر رات کے وقت روشنیوں کے انتظامات کو بھی بہتر بنایا جا رہا ہے۔
شہر پر نگاہ ڈالیں تو چار سُو خوبصورتی ہی خوبصورتی دکھائی دے رہی ہے۔ اکثر مقامات پر لالٹینیں لگائی گئی ہیں جن پر خیرمقدمی جملے لکھے ہیں جس سے خریداری کے لیے آنے والوں کو ایک مخصوص ماحول کا احساس ہو رہا ہے۔
مارکیٹوں اور بازاروں میں عام حالات سے زیادہ سرگرمیاں ہیں اور رمضان کے لیے ضروری اشیا کی طلب میں اضافہ ہو گیا ہے۔
تاہم خدمات کی کوالٹی پر نگاہ رکھنے کے لیے قواعد و ضوابط کی نگرانی بھی کی جا رہی ہے جو اس شہرِ مقدس اور آج کل کے سیزن میں سیاحوں بالخصوص زائرین کی اہمیت کے ساتھ مکمل طور پر ہم آہنگ ہے۔