Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی حکومت اور عوام پاکستان کو کبھی بھی تنہا نہیں چھوڑیں گے: سفیر نواف بن سعید المالکی

یہ اقدام پاکستان میں غذائی تحفظ کو مضبوط بنانے کے لیے کنگ سلمان ریلیف کے عزم کی عکاسی کرتا ہے (فائل فوٹو: ایس پی اے)
پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی کا کہنا ہے کہ سعودی حکومت اور عوام پاکستان کو کبھی بھی تنہا نہیں چھوڑیں گے اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات ہر گزرتے دن کے ساتھ مستحکم اور مضبوط ہوتے جائیں گے۔ 
ان خیالات کا اظہار انہوں نے کنگ سلمان ریلیف سینٹر کی جانب سے پاکستان کے مختلف اضلاع کے مستحق افراد کے لیے رمضان پیکج کی روانگی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ 
انہوں نے بتایا کہ کنگ سلمان ریلیف سینٹر نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی  کے تعاون سے ماہِ رمضان کے موقع پر پاکستان کے 30 اضلاع میں غذائی امداد کی تقسیم کا آغاز کر دیا ہے۔
 یہ اقدام فوڈ باسکٹ پروجیکٹ (5) پاکستان 2026 کے تحت کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد غذائی عدم تحفظ کا شکار 192,500 مستحق افراد کو ضروری خوراک کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کے تحت تقسیم کیے جانے والے ہر فوڈ پیکج کا وزن 97 کلوگرام ہے، جو ایک خاندان کی رمضان کے پورے ماہ کی ضروریات کو مدِنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے۔ ہر پیکج میں 80 کلو آٹا، 5 لیٹر کوکنگ آئل، 5 کلو چینی، 2 کلو کھجوریں اور 5 کلو دال چنا شامل ہیں۔
کنگ سلمان ریلیف سینٹر کے مطابق تقسیم کا عمل شفاف اور مربوط انداز میں صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز ، گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، سٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، ضلعی انتظامیہ اور کنگ سلمان ریلیف کے شراکت دار اداروں حیات فاؤنڈیشن اور پیس اینڈ ڈیویلپمنٹ آرگنائزیشن  کے تعاون سے انجام دیا جا رہا ہے۔
یہ اقدام پاکستان میں غذائی تحفظ کو مضبوط بنانے کے لیے کنگ سلمان ریلیف کے عزم کی عکاسی کرتا ہے، جس کا مقصد ضرورت مند اور کمزور طبقات کو بروقت امداد فراہم کر کے ان کی مشکلات میں کمی لانا اور ماہِ رمضان کے بابرکت موقع پر ان کی مدد کرنا ہے۔ یہ منصوبہ عالمی سطح پر انسانی ہمدردی کی خدمات اور پائیدار استحکام کے فروغ کے لیے کنگ سلمان ریلیف کے مشن کا مظہر ہے۔

سردار محمد یوسف کا کہنا تھا کہ معرکہ حق کے بعد پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات میں مزید وسعت اور گہرائی آئی ہے (فوٹو: اے پی پی)

اس موقع پر وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے اپنے خطاب میں کہا کہ سعودی عرب نے ہر موقع پر پاکستان کے عوام کا خیال رکھا ہے۔ ایسے وقت میں جب ماہ مقدس شروع ہو رہا ہے اور سعودی حکومت دنیا بھر کے مسلمان ممالک کے عوام کے لیے تحائف بھیج رہی ہے ایسے میں پاکستان کے عوام کو سعودی فرمانروا شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے پاکستان کے عوام کو سب سے پہلے یاد رکھا ہے۔ 
ان کا کہنا تھا کہ ’میں ہمیشہ کہتا ہوں کہ پاکستان اور سعودی عوام یا قالب اور دو جان ہییں اور سعودی حکومت ہر مرتبہ پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑے ہو کر اس بات کا عملی ثبوت فراہم کرتی ہے۔‘
سردار محمد یوسف کا کہنا تھا کہ معرکہ حق کے بعد پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات میں مزید وسعت اور گہرائی آئی ہے۔  اس کی وجہ یہ ہے کہ پاکستان کی افواج کی جرات اور بہادری نے پاکستان کو دنیا بھر میں ایک اہم مقام دلوایا ہے۔ 

 

شیئر: